کوئٹہ میں بجلی کی غیر اعلانیہ بندش نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی

کوئٹہ (انتخاب نیوز) صوبائی دارالحکومت کے کوئٹہ وسطی علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے، آئے روز بالخصوص ہر اتوار کو جناح روڈ کبیر بلڈنگ اور ملحقہ علاقوں کی بجلی دن بھر بند کردی جاتی ہے جس سے نہ صرف کاروباری اور گھریلو زندگی بری طرح متاثر ہوجاتی ہے بلکہ میڈیا دفاتر میں بھی کام ٹھپ ہو کر رہ جاتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں غیر اعلانیہ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے معاملات زندگی ٹھپ ہو کر رہ گئے ہیں، آئے روز کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل کردی جاتی ہے، کبیربلڈنگ جناح روڈ اور ملحقہ علاقوں کی بجلی ہر اتوار کو دن بھر غائب رہتی ہے جس نے عوام کو ذہنی کوفت میں مبتلا کردیا ہے اسی طرح مغربی بائی پاس، پشتون باغ، خروٹ آباد، بروری اور دیگر علاقوں میں 6سے 8گھنٹے تک روزانہ لوڈشیدنگ کا سلسلہ جاری ہے جبکہ رہی سہی کسر گیس پریشر میں کمی نے پوری کردی ہے، عوامی حلقوں نے حکومت اور متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا نوٹس لے کر مذکورہ علاقوں کو بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ کوئٹہ کی عوام سکھ کی سانس لے سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں