جمہوریت کیلئے بے نظیر بھٹو کی تاریخی خدمات پر خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، وزیراعظم
اسلام آباد (انتخاب نیوز)وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک ،عوام اور جمہوریت کیلئے بے نظیر بھٹو کی تاریخی خدمات پر خراج عقیدت پیش کرتے ہیں،منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے کہا کہ بے نظیر بھٹو جمہوری وسیاسی جدوجہد کی روشن علامت ہیں، بے نظیر نے عوام کے حقوق کی جدوجہد میںخد کو قربان کیا۔ بے نظیر بھٹو کی برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی تمام عمر جہد مسلسل کی ولولہ انگیز داستان ہے، ملک، عوام اور جمہوریت کے لئے بے نظیر بھٹو کی تاریخی خدمات پر خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، آئین کی سربلندی، آمریت کے خلاف ان کی پرعزم اور نڈر تحریک تاریخ کا سنہرا باب ہے۔انہوں نے کہا کہ قائد نوازشریف اور بے نظیر بھٹو نے عوام کو میثاق جمہوریت کا تاریخی تحفہ دیا، میثاق جمہوریت سے ملک کی سیاست میں ایک نئے دور کا آغاز کیا، میثاق جمہوریت ہمارے قائدین کی سیاسی بصیرت کا ایک تاریخی کارنامہ ہے، میثاق سے پاکستان میں ایک نئے سیاسی کلچر اور روایت کا آغاز ہوا۔بے نظیر بھٹو نے ملکی دفاع کی مضبوطی، آئینی اداروں کی تقویت اور سماجی فلاح و بہبود کے لئے انتھک خدمات انجام دیں۔انہوں نے کہا کہ سابق صدرآصف علی زرداری، بلاول بھٹو سمیت اہل خانہ اور بے نظیر بھٹو کے تمام وابستگان سے تعزیت کرتے ہیں، اللہ تعالی بے نظیر بھٹو کے درجات بلند فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔


