نوکنڈی، تفتان کے عوام گزشتہ 5 سال سے ڈاکٹروں اور صحت کی بنیادی سہولیات سے محروم

نوکنڈی (انتخاب نیوز) ریکوک، سیندک اور معدنی وسائل سے مالامال نوکنڈی تفتان کے عوام گزشتہ پانچ سال سے ڈاکٹرز و دیگر طبی سہولیات کے بغیر زندگی گزار رہے ہیں، حکومتی نمائندوں کی ترقی کے دعوے جھوٹ اور فریب کے سوا کچھ نہیں، صحت کے حوالے سے محکمہ صحت چاغی بھی نوکنڈی تفتان پر توجہ نہیں دے رہی۔ ان خیالات کا اظہار نیشنل پارٹی نوکنڈی تحصیل کے صدر واحد بخش شیرزئی، ضلعی نائب صدر گل خان فقیرزئی ضلعی ڈپٹی سیکرٹری آغا رحیم شاہ بلوچ ودیگر نے پارٹی آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ سال سے نوکنڈی آرایچ سی میں کوئی ایم بی بی ایس ڈاکٹر نہیں دوائیاں ہسپتال کونہیں مل رہیں، ہسپتال میں ایکسرے ودیگر ٹیسٹ کی سہولیات تک نہیں، ایمبولینس کاایک کنٹریکٹ ڈرائیور تھا، جسے ایک سال سے فارغ کیاگیا، اب ہسپتال کی بجلی گزشتہ ایک ہفتہ سے بل کی عدم ادائیگی کی وجہ سے کاٹ دی گئی ہے جوکہ محکمہ صحت چاغی اورعوامی نمائندوں کے لئے کسی بدنما داغ سے کم نہیں کیونکہ سرحدی علاقہ ہونے کی وجہ سے یہاں روڈ حادثات اکثرہوتے رہتے ہیں جنھیں ابتدائی طبی امداد کے لئے ہسپتال میں بجلی نہ ہو تو کس طرح کام چل سکتا ہے محکمہ صحت اورعوامی نمائندوں نے اپنے آپ کو صرف دالبندین شیخ فہد ہسپتال تک محدود کرلیاہے، سرکاری یا غیرسرکاری ملکی وغیرملکی تنظیموں کی جانب سے ڈاکٹرز و دیگر سہولیات صرف شیخ فہد ہسپتال تک ہیں، نوکنڈی، تفتان، سیندک اور چاغی کی جانب کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے۔ نوکنڈی ہسپتال میں ٹوٹل آٹھ کے قریب ملازمین ہیں جوکہ پوری تحصیل نوکنڈی تفتان کی بیس ہزار آبادی کے لئے ناکافی اور ظلم کے مترادف ہے۔ ہرسال سینکڑوں اسامیوں میں سے نوکنڈی علاقے کو ایک پوسٹ تک نہیں دی جاتی، تمام پوسٹ محکمہ صحت اورعوامی نمائندوں کے درمیان بندر بانٹ کے ذریعے کی جاتی ہے، ضرورت اور میرٹ کاکوئی خیال نہیں رکھاجاتا، نوکنڈی ہسپتال کو بیس سال پہلے کی آبادی کی بنیاد پر کچھ دوائیاں دی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوکنڈی کے شہر میں جب صحت کی حالت اس طرح ہوگی تو نواحی علاقوں میں دیہات میں آباد لوگوں کی حالت کیا ہوگی، محکمہ صحت کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے نوکنڈی ہسپتال میں ڈاکٹروں کی تعنیاتی، دوائیوں کا کوٹہ موجودہ آبادی کے ساتھ بڑھانے، ہسپتال کو ترجیحی بنیادوں ہر نئی اسامیاں ایکسرے مشین ودیگر ٹیسٹ کی سہولیات، ایمبولینس کے ڈرائیور کی بحالی، بجلی بل کی ادائیگی کرکے بحال کرنے کے فوری اقدامات کیے جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں