کراچی، گیس لیکیج کے باعث گھر میں دھماکہ، میاں بیوی اور 2 بچے زخمی

کراچی(انتخاب نیوز)کراچی کے علاقے محمود آباد کی منظور کالونی میں گیس کے اخراج سے گھر میں دھماکے کے بعد آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں میاں بیوی اور 2 بچے زخمی ہو گئے۔سٹی ڈسٹرکٹ کراچی فائر بریگیڈ سینٹر کے مطابق منظور کالونی سیکٹر ڈی میں انصاری مسجد کے قریب صبح سویرے گھر میں جمع ہونے والی گیس کے باعث دھماکے سے آگ لگ گئی۔فائر بریگیڈ سینٹر کے مطابق دھماکے کی اطلاع صبح 7 بجے ملی جس پر محمود آباد اور کورنگی انڈسٹریل ایریا سے 2 گاڑیاں فوری طور پر موقع پر پہنچیں تاہم اس وقت تک گھر کے 2 کمرے مکمل طور پر جل چکے تھے۔دھماکے سے لگنے والی آگ کے باعث وہاں مقیم میاں بیوی اور 2 بچے جھلس گئے۔40 سالہ فراز علی، ان کی 35 سالہ اہلیہ صباء، 12سالہ بچی ایان علی اور 1 بچے کو جھلسنے کے باعث ایمبولینسز کے ذریعے سول اسپتال کے برنس سینٹر منتقل کر دیا گیا ہے۔فائر بریگیڈ کے مطابق آگ کو مزید پھیلنے سے روک کر آس پاس کے گھروں کو جلنے سے بچا لیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں