پاکستان کے خلاف افغان سرزمین استعمال ہو رہی ہے، خواجہ آصف
اسلام آباد(انتخاب نیوز)وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف افغان سرزمین استعمال ہو رہی ہے، افغان حکومت نے معاہدہ کیا تھا کہ ان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ58 فیصدتخریب کاری کے واقعات خیبر پختونخوا میں ہوئے، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں تخریب کاری کے واقعات ہوئے ہیں، سندھ اور پنجاب میں تخریب کاری کے واقعات بہت کم ہیں۔وزیردفاع کا کہنا تھا کہ جنرل (ر) باجوہ اور جنرل (ر) فیض حمید نے قومی اسمبلی کو بریفنگ دی تھی، بریفنگ میں مذاکرات کا پس منظر، پیشرفت بتائی گئی، لیکن اس کاکوئی نتیجہ نہیں نکلا۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنے دکھ باربار بیان کر رہےہیں، 2018 میں جو پولیٹیکل انجینیئرنگ ہوئی عمران خان کوکوئی خیال نہیں آتا، تحریک عدم اعتماد پارلیمان میں ہوئی ، جنرل(ر) باجوہ کا کیا لینا دینا، عمران خان سابق وزیراعظم ہیں،کچھ تو شرم و حیا کرلیں، جو بھی قومی مسائل ہیں، ہم صدر مملکت کے پاس گئے، ہم نےاتفاق رائے پیدا کرنے کی بھر پور کوشش کی۔


