ملتان، فائرنگ سے سی ٹی ڈی کے دو افسران جاں بحق

ملتان(انتخاب نیوز) خانیوال کے قریب مسلح افراد کی فائرنگ سے سی ٹی ڈی کے ڈائریکٹر اور انسپکٹر جاں بحق ہو گئے۔زرائع کے مطابق سی ٹی ڈی ڈائریکٹر اور 2 انسپکٹر خفیہ کارروائی کیلئے خانیوال پہنچے تھے اور بسم اللہ ہوٹل پر کھانا کھا رہے تھے کہ ایک شخص نے فائرنگ کر دی، فائرنگ سے ڈائریکٹر اور ایک انسپکٹر موقع پر جاں بحق ہو گئے۔واقعہ میں ایک سی ٹی ڈی انسپکٹر محفوظ رہا، وقوعہ کے بعد ملزم موقع سے فرار ہو گیا جبکہ پولیس نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، مارے جانے والوں کی شناخت ڈائریکٹر سی ٹی ڈی نوید سیال اور انسپکٹر ناصر عباس کے نام سے ہوئی۔وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے فائرنگ سی ٹی ڈی افسروں کے جاں بحق ہونے کے واقعے کا نوٹس لے لیا، واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہوں نے چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب سے افسروں کی ہلاکت کی رپورٹ طلب کر لی۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ سی ٹی ڈی افسران پرفائرنگ کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، پنجاب میں امن امان کی صورتحال باعث تشویش ہے، حکومت ایسے واقعات کے روک تھام کیلئے فوری پیش بندی کرے، اللہ تعالی سی ٹی ڈی افسروں کے درجات بلند کرے، ان کے ورثاء کو صبر جمیل عطا کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں