عوام سے پیٹرولیم لیوی کی مد میں 100 ارب روپے زائد وصول،حکومتی ذرائع
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)حکومتی ذرائع کے مطابق پیٹرولیم لیوی کی وصولی مالی سال 26-2025 میں ریکارڈ 1567 ارب 45 کروڑ روپے پرپہنچ گئی۔ پیٹرولیم لیوی کی وصولی حکومتی ہدف اور آئی ایم ایف کے تخمینے سے بھی زیادہ رہی، کلائمیٹ سپورٹ لیوی کی مد میں 50 ارب 16 کروڑ روپے کی الگ وصولی کی گئی۔ مالی سال 26-2025 میں لیوی کی وصولی میں347 ارب 24 کروڑ روپےکا اضافہ ہوا، پیٹرولیم لیوی کی وصولی حکومتی ہدف سے تقریبا 100 ارب روپے زیادہ رہی۔گزشتہ مالی سال لیوی کی وصولی آئی ایم ایف کے تخمینے سے 21 ارب روپے زیادہ رہی، مالی سال 26-2025 کے لیے آئی ایم ایف نے پیٹرولیم لیوی وصولی کا تخمینہ 1546 ارب روپے لگایا تھا جبکہ پیٹرولیم لیوی کی وصولی کا حکومتی ہدف 26-2025 میں 1468ارب روپےمقرر تھا۔مالی سال 25-2024 میں پیٹرولیم لیوی کی وصولی 1220 ارب21 کروڑ روپے تھی جبکہ مالی سال 24-2023 میں پیٹرولیم لیوی کی مد میں وصولی ایک ہزار 19ارب روپے تھی۔ مالی سال 23-2022 میں پیٹرولیم لیوی کی مد میں وصولی 580 ارب روپے تھی۔ اس وقت پیٹرول پر 80 روپےفی لیٹر پیٹرولیم لیوی وصول کی جا رہی ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل پر77روپے28 پیسے فی لیٹرکے حساب سے لیوی عائد ہے، پیٹرول، ڈیزل پر 5،5 روپےفی لیٹر کے حساب سے کلائمیٹ سپورٹ لیوی الگ سے عائد ہے۔


