ابراج گروپ کے عارف نقوی پر بھاری جرمانہ عائد

کراچی (این این آئی) ابراج گروپ کے سابق چیف ایگزیکٹو افسر عارف نقوی کیخلاف آنے والے ایک فیصلے میں ان پر بھاری جرمانہ عائد کردیا گیا ہے۔خلیجی اخبار کے مطابق دبئی کے فنانشنل مارکیٹس ٹریبونل نے عارف نقوی کیخلاف دبئی فنانشنل سروسز اتھارٹی (ڈی ایف ایس اے)کے ایک فیصلے کی توثیق کردی ہے۔ ڈی ایف ایس اے نے عارف نقوی پر 13 کروڑ 55 لاکھ 60 ہزار امریکی ڈالر جرمانہ عائد کر رکھا ہے۔ جو کسی بھی فرد پر عائد کیا جانے والا سب سے زیادہ جرمانہ ہے، اخبار کے مطابق اب عارف نقوی کو یہ رقم ادا کرنا پڑے گی۔عارف نقوی پر الزام تھا کہ انہوں نے ابراج گروپ کے سربراہ کے طور پر کئی غلط اقدمات کیے جن میں سرمایہ کاروں کی رقم کو بنیادی سرمائے (ورکنگ کیپٹل)کے طور پر دکھانا بھی شامل تھا۔ کسی دور میں ابراج گروپ متحدہ عرب امارات اور قریبی خطے میں سب سے بڑا سرمایہ کاری کا ادارہ تھا۔ بل اور ملینڈا گیٹس بھی اس کے سرمایہ کاروں میں شامل تھے اور اسی وجہ سے لوگ ابراج گروپ پر اعتبار کرتے تھے۔ تاہم بل اینڈ ملینڈا گیٹس فانڈس سے تعلق ہی ابراج گروپ کیخلاف تحقیقات شروع ہونے کے سبب بنا اور پھر کئی ممالک میں چھان بین شروع ہوگئی۔عارف نقوی اپریل 2019 میں لندن میں گرفتاری کے بعد سے وہاں نظر بندی کی زندگی گزار رہے ہیں۔ امریکہ نے فراڈ کے مقدمے میں ان کی تحویل کا مطالبہ کر رکھا ہے جس پر عدالت میں کارروائی چل رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں