جنوبی ایشیا میں امن و ترقی مسئلہ کشمیر کے حل سے منسلک ہے، شہبازشریف
اسلام آباد(انتخاب نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں امن و ترقی مسئلہ کشمیر کے حل سے منسلک ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کے حصول کے لئے کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد میں پاکستان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کا یقین دلایا ہے۔کشمیریوں کے یوم حق خودارادیت کے حوالے سے اپنے پیغام میں انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام گزشتہ ایک سال سے اپنا حق خود ارادیت استعمال نہیں کر سکے۔ وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیریوں کے یوم حق خودارادیت کی یاد منانے کا مقصد عالمی برادری کو مظلوم کشمیری عوام کے تئیں اس کی ذمہ داری یاد دلانا ہے۔انہوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ اپنے وعدوں کا احترام کرے اور کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی جدوجہد کی حمایت کرے۔


