بلوچستان کو درپیش مالی مسائل کے حل کیلئے صوبائی وزیر خزانہ اسلام آباد میں متحرک

کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان کو درپیش مالی مسائل کے حل میں معاونت کے حصول اور صوبے میں وفاقی منصوبوں پر عملدرآمد سے متعلق امور کے جائزہ کے لیے وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو کی ہدایت پر صوبائی وزیر خزانہ زمرک خان اچکزئی اسلام آباد میں متحرک اور متعلقہ وفاقی حکام سے ملاقاتیں کررہے ہیں جو انتہائی حوصلہ افزاء ہے۔ اس سلسلے میں صوبائی وزیر نے وفاقی سیکرٹری پلاننگ سید ظفر علی شاہ سے ملاقات کی، ملاقات میں وفاق کے صوبے کے ساتھ معاونتی منصوبوں کے لئے برج فنانسگ کی مد میں وفاق کے ذمہ 6 ارب روپے اور صوبے میں وفاقی منصوبوں کی نظر ثانی سے تخمینہ لاگت میں ہونے والے اضافے کے فنڈز کے اجراء پر بات چیت کی گئی۔ وفاقی سیکرٹری نے برج فنانسنگ کے فنڈز کے فوری اجراء کی یقین دہانی کرائی جبکہ انہو ں نے کہا کہ نظر ثانی منصوبوں کے اضافی فنڈز کے اجراء کا معاملہ منظوری کے لئے متعلقہ فورم میں پیش کیا جائے گا وفاقی سیکرٹری نے صوبائی وزیر کو گزشتہ روز کے ایکنک کے اجلاس میں بلوچستان کے سیلاب متاثرین کی بحالی متاثرہ بنیادی ڈھانچے کی تعمیر نو اور بلوچستان کے طلباء کے لئے اسکالر شپ کے منظور ہونے والے منصوبوں کی تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ وفاقی حکومت نے اس ضمن میں 88 ارب روپے کے منصوبوں کی منظوری دے دی ہے جبکہ بلوچستان کے 5000 طلباء کو اسکالر نوجوانوں کے لئے انٹرن شپ اور لیپ ٹاپ کے منصوبوں کو بھی منظور کیا گیا ہے، صوبائی وزیر نے ان منصوبوں کی منظوری پر وزیراعظم اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی سے اظہار تشکر کیا انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی وفاقی حکومت کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں ہمیں امید ہے کہ این ایف سی کے تحت بلوچستان کے آئینی شہر اور وفاقی منصوبوں کے لیے مطلوبہ فنڈز کے اجراء کو یقینی بنایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں