نوجوان پاک امریکہ تعلقات کے مستقبل کی تشکیل میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، مسعود خان
واشنگٹن(انتخاب نیوز)امریکہ میں متعین پاکستانی سفیرسردار محمد مسعود خان نے کہا ہے کہ نوجوان نسل اور پیشہ ور افراد پاک امریکہ تعلقات کے مستقبل کی تشکیل میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ہر سال مختلف پروگراموں کے تحت تقریبا 1000 پیشہ ور افراد، سرکاری افسران، سول سوسائٹی اراکین ، صحافی اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے امریکہ کے دورے سے مضبوط روابط قائم ہو رہے ہیں جو کہ سرکاری سطح پر تعلقات کو مزید مستحکم کرتے ہیں ۔ امریکی حکومت کی جانب سے جاری مختلف تعلیمی ایکسچینج پروگراموں کے ضمن میں پاکستان کا شمار سب سے زیادہ مستفید ہونے والے ملکوں ہوتا ہے۔ تعلیمی ایکسچینج پروگرامز کی بدولت پاکستانی طلبا کو امریکہ کی معروف یونیورسٹیوں میں نہ صرف جدید علوم سیکھنے کے منفرد مواقع میسر ہوتے ہیں بلکہ انہیں امریکی نظام اور معاشرے کے بارے میں بہتر آگاہی حاصل کرنے میں مدد بھی ملتی ہے ۔ان خیالات کااظہار سردار محمد مسعود خان نے پاکستانی سفارت خانہ واشنگٹن کا دورہ کرنے والے51 انڈر گریجویٹ پاکستانی طلبا، جو کہ اس وقت گلوبل یوگراڈ اسپرنگ2023 پروگرام کے تحت امریکہ کا دورہ کر رہے ہیں ، سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ان تعلیمی تبادلے کے پروگراموں پر بہترین انداز میں عمل درآمد کے حوالے سے امریکی محکمہ خارجہ، امریکی ایجوکیشن فائونڈیشن پاکستان (یو ایس ای ایف پی)اورانٹرنیشنل ریسرچ اینڈ ایکسچینج بورڈ(آئی آر ای ایکس)کا شکریہ ادا کیا۔امریکہ کا دورہ کرنے والے طلباکا تعلق پاکستان کے تمام علاقوں بشمول آزاد جموں و کشمیر، سندھ، پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، بلوچستان اور اسلام آباد سے ہے جن میں زیادہ تر طلبہ کا تعلق پسماندہ اور دور دراز علاقوں سے ہے۔ انڈرگریجویٹ پروگرام میں 61 فیصدلڑکیوں کی نمائندگی دونوں حکومتوں کی خواتین کو بااختیار بنانے اور انہیں زندگی کے تمام شعبوں میں بہترین کارکردگی کے مواقع فراہم کرنے کے عزم کا اظہار ہے ،سفارتخانہ پاکستان کا دورہ کرنے والے طلباکے ہمراہ امریکی محکمہ خارجہ میں جنوبی اور وسطی ایشیائی امور کی بیوروڈائریکٹر مولی سٹیفنسن، اکیڈمک ایکسچینج پروگرامز آفس کے ڈپٹی ڈائریکٹر سٹیو منی، سینئر پروجیکٹ ڈائریکٹر ، آئی آر ای ایکس مائیکل ڈائر اور دیگر حکام بھی طلبا کے ہمراہ تھے۔یہ انڈرگریجویٹ طلبا 30 امریکی ریاستوں میں 47 مختلف امریکی اداروں میں ایک سمسٹر تک تعلیم حاصل کریں گے۔گلوبل یو گریڈ پروگرام سالانہ 200 سے زائدانڈرگریجویٹ طلبا کو ایک سمسٹر کے لئے سکالرشپ فراہم کرتا ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مولی سٹیفنسن اور سٹیو ڈائر نے طلبا کو مبارک بار دی اور ان کی قائدانہ صلاجیتوں کو سرا ہا۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام کا مقصد باصلاحیت پاکستانی طلبا کو اپنے نقطہ نظر میں وسعت لانے ، ترقی کی نئی راہیں تلاش کرنے اور دونوں ممالک کے عوام بالخصوص نوجوانوں اور پیشہ ور افراد کے درمیان آگاہی پیدا کرنے اور ایک دوسرے کو سمجھنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔سفیر پاکستان نے امریکہ کے دورے پر آئے نوجوان طلبا کو ایک شفاف اور میرٹ پر مبنی عمل کے ذریعے پروگرام میں منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ میں سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، ریاضی ،سماجی علوم، عمرانیات اور دیگر شعبہ جات میں تعلیم حاصل کرنے کا تجربہ نہ صرف انہیں صلاحیتوں میں مزید نکھار لانے کا موقع فراہم کرے گا بلکہ ان کو امریکی ثقافت کو سمجھنے میں بھی مدد دے گا۔سردار مسعود خان نے طلبا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ امریکی میزبانوں کے سامنے پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ آپ کے ان روابط اور تعلقات سے دونوں ملکوں کے درمیان عوامی سطح پر پائی جانے والی بعض غلط فہمیوں کو دور کرنے میں مدد ملے گی۔ سفیر پاکستان مسعود خان نے مختلف امریکی تعلیمی، پیشہ ورانہ اور ثقافتی تبادلے کے پروگراموں جن میں فل برائٹ اسٹوڈنٹ پروگرام، گلوبل انڈرگریجویٹ ایکسچینج پروگرام، یوتھ ایکسچینج اینڈ سٹڈی پروگرام، انٹرنیشنل وزیٹر لیڈرشپ پروگرام ، سٹڈی آف یو ایس انسٹی ٹیوٹ پروگرام اور ہیوبرٹ ہمفری فیلوشپ پروگرام وغیرہ شامل ہیں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ وہ مضبوط بندھن ہیں جو دونوں ملکوں کو نوجوانوں اور پیشہ ور افراد کو ایک دوسرے سے منسلک کرتے ہیں اور دو طرفہ تعلقات کی مضبوطی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔پاکستان اور امریکہ کے درمیان ہمہ جہتی تعلقات اور تعاون کا ذکر کرتے ہوئے سردار مسعود خان نے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہی کے بعد ریسکیو اور ریلیف کے حوالے سے امریکی امداد پر امریکہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ تعمیر نو اور بحالی کے عمل میں یہ تعاون جاری رہے گا۔


