پنجاب سے آنیوالی 2لاکھ گندم کی بوریاں بلوچستان کیلئے سپلائی شروع ہوچکی ہے،محکمہ خوراک بلوچستان
کوئٹہ (انتخاب نیوز)محکمہ خوراک بلوچستان کے ڈپٹی ڈائریکٹر سلیمان کاکڑ نے کہا ہے کہ پنجاب سے آنیوالی 2لاکھ گندم کی بوریاں بلوچستان کیلئے سپلائی شروع ہوچکی ہے پہلے روز تقریباََ 8گاڑیاں بوریاں لیکر کوئٹہ اور پشین پہنچ رہی ہیں گندم کی مکمل بوریاں کوئٹہ پہنچنے کے بعد کوئٹہ کی فلور ملزم کو دسمبر کا رہ جانیوالا کوٹہ 10جنوری تک مہیا کرکے جنوری کا کوٹہ اگلے چند روز میں شروع کیا جائیگا جس سے آٹے کی قیمت میں اضافے میں کمی واقع ہوگی،،آن لائن،، سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان بھر میں لوگوں کو سرکاری نرخ پر آٹے کی فراہمی کیلئے محکمہ خوراک کی جانب سے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو اور صوبائی وزیر خوراک انجینئر زمرک خان اچکزئی کی خصوصی ہدایت پر عوام کی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سرکاری آٹے کی فراہمی کیلئے مرحلہ وار سیلز پوائنٹ قائم کرکے محکمہ خوراک کی گاڑیاں سرکاری نرخ پر آٹے کی فراہمی یقینی بنا رہی ہیں گندم کی کمی کی وجہ سے آٹے کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے محکمہ خوراک نے پنجاب کے علاقے لیہ سے 2لاکھ بوری گندم کا معائدہ کیا ہے وہاں سے گندم کی بوریاں کوئٹہ لانے کیلئے پہلے روز 8گاڑیاں لوڈ ہوکر کوئٹہ اور پشین پہنچ رہی ہیں تمام گندم کوئٹہ منتقل ہونے میں 15سے 20روز لگے گے گندم پہنچنے کے بعد کوئٹہ کی فلور ملزم کو دسمبر میں ریلیز ہونیوالے کوٹہ میں جو کوٹہ باقی رہ گیا ہے وہ 10جنوری تک ریلیز کردیا جائیگا اور پھر اگلے مرحلے میں جنوری کا کوٹہ 10جنوری کے بعد ریلیز کیا جائیگا جس سے مارکیٹ میں آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمت میں کمی واقع ہوگی محکمہ خوراک کی کوشش ہے کہ عوام کو سرکاری ریٹ پر سستا اور معیاری آٹے کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ لوگوں کی مشکلات کم ہوسکیں۔


