ایک کھوکھلا انسان پنجاب میں وزارت اعلیٰ کی کرسی پر براجمان ہے، عطا تارڑ

لاہور(انتخاب نیوز)وزیراعظم کے معاون خصوصی اور مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں ہمارے نمبر پورے ہیں، ایک کھوکھلا انسان وزارت اعلیٰ کی کرسی پر براجمان ہے۔میڈیا سے گفتگو میں معاون خصوصی عطا تارڑ نے کہا کہ گزشتہ روز اسمبلی میں ہمارے177 ارکان موجود تھے جبکہ حکومتی ارکان کی تعداد 140 تھی، پوری ورکنگ کر کے تعداد بتا رہا ہوں کہ ہم اپنے نمبر پورے ہونے کے حوالے سے پراعتماد ہیں۔لیگی رہنمانے کہا کہ پرویز الٰہی کے نمبر ہی پورے نہیں ہوں گے، خواتین ممبرز بھی کہہ رہی ہیں کہ ہم نے پرویز الٰہی کو ووٹ نہیں دینا، پرویز الٰہی اعتماد کا ووٹ لینے سے گریزاں ہیں، بھاگ تو حکومت گئی ، بھاگ تو مونس الٰہی گئے ہیں، دیر یا سویر اعتماد کا ووٹ لینا پڑے گا، ایک کھوکھلا انسان وزارت اعلی کی کرسی پر براجمان ہے۔عطا تارڑ نے کہا کہ کہا جا رہا ہے کہ وفاقی وزرا کا داخلہ پنجاب اسمبلی میں نہیں ہوسکتا، پنجاب اسمبلی گجرات کی ضلعی کونسل نہیں اور نہ ہم اس کو بننے دیں گے، پی ٹی آئی اور اتحادی آپس میں لڑ رہے ہیں کہ زیادہ کرپشن کس نے کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں