فلسطینیوں کی پرچم برداری پرپابندی اسرائیل کی بزدلانہ کوشش ہے، ایمنسٹی انٹرنیشنل
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک)انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ فلسطینیوں کی پرچم برداری پرپابندی اسرائیل کی بزدلانہ کوشش ہے ۔ انسانی حقوق کی تنظیم نے بیان میں کہا کہ فلسطینیوں کو اپنے علاقوں میں اپنا قومی پرچم لہرانے کا حق اقوام متحدہ نے دے رکھا ہے اور یہ ان کے انسانی حقوق کا حصہ ہے۔تنظیم نے کہا کہ اس کے کرائے گئے سروے سے اندازہ ہوتا ہے کہ گذشتہ برسوں میں اسرائیلی سیاست دانوں اور تنظیموں کی طرف سے فلسطینی پرچم کے خلاف اشتعال انگیزی نے اسے دیکھ کر زیادہ تر یہودیوں کے دلوں میں خوف پیدا کرنے میں بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔انہوں نے کہا کہ پول نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ فلسطینی پرچم اٹھانے والوں میں سے 80 فیصد سے زیادہ اس کے ذریعے اپنی قومی شناخت کا اظہار کرنا چاہتے ہیں یا اسرائیلی حکام کی جانب سے ان کے خلاف جاری نسلی امتیاز کی پالیسی کے خلاف احتجاج کرنا چاہتے ہیں۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اسرائیلی حکام سے اپنے جاری کردہ ہدایات کو واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے متنبہ کیا کہ یہ ہدایات انسانی حقوق کے عالمی چارٹر اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 2، 7، 19 اور 20 کی صریح خلاف ورزی ہیں، جو کہ بین الاقوامی قانون کا سنگ بنیاد ہے۔ تنظیم کے ترجمان رامی حیدر نے کہا کہ عوامی جگہوں پر فلسطینی پرچم بلند کرنے پر پابندی کا اطلاق اور پیشہ ورانہ اور قانونی معیارات کو ختم کرنے کی ہدایات نسل پرستانہ پس منظر پر اجتماعی سزا کے دائرے میں آتی ہیں۔


