برفباری سے بند زیارت کوئٹہ شاہراہ پر پی ڈی ایم اے کا ریسکیو عملہ مشینری سمیت متحرک، شاہراہ کھول دی گئی

کوئٹہ (انتخاب نیوز) ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نصیر احمد ناصر کا کہنا ہے کہ وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو اوروزیر داخلہ کی ہدایت پر متاثرہ علاقوں میں کاروائیاں شروع کر دی گئی ہیں، بارشوں اور برفباری سے متاثرہ علاقوں میں مشینری اور ریسکیو عملہ موجود ہے،پی ڈی ایم اے کا کنٹرول روم تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز سے مکمل رابطے میںہیں۔ ہماری ٹیمیں اور ہیوی مشینری برفباری اور بارشوں کے حوالے سے مختلف مقامات پر پہلے سے موجود ہیں اور برفباری کے بعد روڈز کی صفائی کو یقینی بناکر ٹریفک کی روانی کےلئے ہماری ٹیمیں کام کررہی ہے۔ پی ڈی ایم اے بلوچستان بھر کے انتظامی آفیسران اور دیگر انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں ہے تاکہ کسی بھی علاقے میں بارش ، پھسلن یا برف باری سے کوئی بھی صورتحال پیدا ہوتی ہے تو اس پر قابو پانے کے لئے بروقت اقدامات اٹھائے جاسکیں۔ علاوہ ازیں وزیر داخلہ و پی ڈی ایم اے میر ضیااللہ لانگو کا بارشوں اور برفباری متاثرین کی امداد و بحالی کے لیے محکمہ پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ کو تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کرتے ہوئے بارشوں والے علاقوں میں پی ڈی ایم اے افسران ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کے ساتھ ملکر اقدامات اٹھائیں۔ ٹریفک اہلکار اور پیرو ٹیمیں بارش میں پھنسے شہریوں کو ہر ممکن مدد اور رہنمائی کریں۔ ممکنہ بارشوں اور برفباری، طغیانی کے خدشے کے پیش نظر ٹیمیں ہائی الرٹ رہیں۔ضلعی انتظامیہ،اور پی ڈی ایم اے افسران بارش کے دوران دفاتر میں بیٹھنے کی بجائے فیلڈ وزٹس کرکے ٹریفک،کی روانی اور صورتحال کا جائزہ لیں۔ تاکہ کسی بھی مشکل میں پھنسے ہوئے لوگوں کی بروقت مدد کی جاسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں