سیدنا ابوبکر صدیقؓ عزم و استقامت اور امت کی یکجہتی کی اعلیٰ مثال تھے، علماءکرام

جیکب آباد، کوئٹہ (نامہ نگار) یوم وفات سیدنا ابوبکر صدیقؓ کے موقعے پر جلسہ جیکب آباد کے گاﺅں عبدالعزیز بروہی میں منعقد ہوا، جلسے سے جے یو آئی ضلع جیکب آباد کے امیر ڈاکٹر اے جی انصاری نے کہا کہ سیدنا حضرت ابوبکر صدیقؓ حق اور صداقت کی اعلیٰ معیار، رفیق نبوت، عزم و استقامت اور امت کی یکجہتی کی اعلیٰ مثال تھے۔ آپ کی ایثار و قربانی قیامت تک یاد رکھی جائےگی۔ آپ خلیفہ اول، امام اول اور یار غار نبوّت تھے، وہ تاجدار صداقت عشق رسولﷺ کا عظیم الشان نمونہ تھے، قیامت تک آنے والی نسلیں اس کی مثال پیش کرنے سے قاصر رہیں گی۔ آپ پرہیزگاری اور فقر کی زینت ہیں، مقررین نے کہا کہ حضرت ابو بکر صدیق ؓ کے بتائے ہوئے اصولوں پر عمل کرکے زندگی سنوارنے کا عہد کرنا ہوگا۔ علاوہ ازیں سنی علماءکونسل اور اہلسنت والجماعت کے رہنماﺅں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ 22جمادی الثانی 15جنوری کو خلیفہ بلا فصل سیدنا حضرت ابوبکر صدیق ؓ کے یوم وفات پر سرکاری سطح پر تعطیل کا اعلان کرتے ہوئے منایا جائے، پاکستان اسلامی جمہوری ملک ہے جس کی بنیاد کلمہ طیبہ کے نام پر رکھی گئی تھی، سنی علماءکونسل واہلسنت والجماعت صحابہ کرامؓ کے دفاع کیلئے جدوجہد کرتی رہے گی، دین اسلام کے تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائےگا۔ ان خیالات کاا ظہار سنی علماءکونسل اور اہلسنت والجماعت بلوچستان کے امیر مولانا محمد رمضان مینگل، مفتی کلیم اللہ، علامہ عبدالرحیم ساجد ودیگر نے کوئٹہ پریس کلب کے باہر مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اتوار کے روز سنی علماءکونسل اور اہلسنت والجماعت کے زیراہتمام 22جمادی الثانی کو خلیفہ بلا فصل حضرت سیدنا صدیق اکبرؓ کے یوم وفات کے سلسلے میں خلفاءراشدین چوک اکرم ہسپتال سے ریلی نکالی گئی جو مختلف شاہراہوں سے ہوتی کوئٹہ پریس کلب کے سامنے مظاہرے میں تبدیل ہوگئی۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ صحابہ کرامؓ کی زندگیاں ہمارے لئے مشعل راہ ہے، ہمیں ان کے نقش قدم پر چل کر ہی کامیابی مل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک اسلامی جمہوری ملک ہے، جس کی بنیاد کلمہ طیبہ کے نام پر رکھی گئی ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت پاکستان اور صوبائی حکومت اصحابؓ کے یوم ولادت یا وصال کو سرکاری سطح پر منانے اور عام تعطیل کا اعلان کرے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ 22جمادی الثانی 15جنوری کو خلیفہ بلا فصل سیدنا حضرت ابوبکر صدیقؓ کے یوم وفات پر سرکاری سطح پر تعطیل کا اعلان کرتے ہوئے منایا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں