ق لیگ کے صدر چودھری شجاعت نے پرویزالٰہی کی پارٹی رکنیت معطل کردی
لاہور (انتخاب نیوز) مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت نے پرویز الٰہی کی پارٹی رکنیت معطل کردی۔ لاہور میں مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت نے پرویز الہٰی کے پارٹی سے متعلق بیانات پر اجلاس طلب کیا جس میں طارق بشیرچیمہ، سالک حسین اور شافع حسین نے شرکت کی۔ اجلاس کے بعد پرویز الٰہی کو شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا اور ان کی رکنیت معطل کردی گئی۔ شوکاز میں چودھری شجاعت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پارٹی کا صوبائی صدر پارٹی کو دوسری جماعت میں ضم نہیں کرسکتا۔ پرویز الٰہی غیر آئینی اور غیر قانونی اقدام کی وضاحت دیں، مسلم لیگ ق بطورسیاسی جماعت اپنا ووٹ بینک، ڈسپلن، منشور اور ضابطہ رکھتی ہے۔ پرویز الٰہی کے گزشتہ روز کے بیانات پارٹی ضابطے کی خلاف ورزی ہیں۔ شوکاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ پرویز الہٰی 7 دن کے اندراپنے غیر آئینی اقدام کی وضاحت کریں، وضاحت نہ دینے پر پرویز الہٰی کے خلاف کارروائی کی جائے گی، وضاحت آنے تک پرویز الہٰی کی پارٹی کی بنیادی رکنیت معطل کی جاتی ہے۔


