کراچی، ڈیجیٹل کرنسی کے نام پر عوام سے کروڑوں روپے لوٹنے والا ملزم گرفتار
کراچی (انتخاب نیوز) وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے سائبرکرائم ونگ کراچی نے کارروائی کرتے ہوئے ڈیجیٹل کرنسی کے ذریعے کروڑوں روپے کے فراڈ میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق ایف سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹر کراچی نے کارروائی کے دوران ڈیجیٹل کرنسی بز کوائن کا جھانسہ دے کر درجنوں لوگوں سے کروڑوں روپے کا فراڈ کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ ملزم ظفر رانا نے یو ٹیوب پر سرمایہ کاری اور بھاری منافع دینے کے نام پر شہریوں کو لوٹا اور سیکڑوں لوگوں سے 50 تا 10 ہزار یورو فی کس سرمایہ کاری کے نام پر بٹورے، ملزم نے فراڈ سے وصول کردہ رقومات منی لانڈرنگ کے ذریعے دبئی اور ترکیہ منتقل کیں۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق فراڈ کے انکشاف پر ملزم بیرون ملک فرار ہوگیا تھا اور حال ہی میں وطن واپس لوٹا تھا جس کو سائبر کرائم ٹیم نے چھاپہ مار کارروائی میں گرفتار کیا۔ ملزم کے قبضے سے دو موبائل فون، لیپ ٹاپ، پاسپورٹ، مختلف بینکوں کے نو اے ٹی ایم کارڈ برآمد ہوئے۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزم سے بزٹریک اور بزکوائن کارڈ، مشکوک منی ٹرانزیکشن دستاویزات، ایک قیمتی گاڑی بھی برآمد ہوئی، ملزم ظفر علی رانا اور اس کے ساتھی بزٹریک، بز کوائن اورگرونیٹ کے دھندے میں ملوث رہے۔ ملزم اور اسکے ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید کارروائی جاری ہے۔


