جامعہ بلوچستان میں سمسٹر فیس کیلئے سی پیک چائنیز اسکالرشپس کی تقسیم میں مبینہ بے ضابطگیاں، گوادر کے مقامی طلباءکو مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے، بیان

ویب ڈیسک : جامعہ بلوچستان میں سمسٹر فیس کیلئے چائنیز اسکالرشپس کی تقسیم کے حوالے سے مبینہ بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے، جہاں ضلع گوادر کے مقامی طلباءکے لیے مختص سی پیک سمسٹر اسکالر شپ پر مبینہ طور پر دیگر اضلاع کے طلباءکو نامزد کر کے اسکالرشپ سے نوازا جا رہا ہے۔ اس اقدام پر گوادر کے طلباءحلقوں میں شدید تشویش اور بے چینی پائی جاتی ہے۔طلباءنے میڈیاکو جاری بیان میں کہاہے جامعہ بلوچستان کے ذریعے ملنے والی سمسٹرفیس چائنیز اسکالرشپس میں گوادر کے مقامی طلباءکو مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے، جسے طلبائنے اپنے بنیادی اور تعلیمی حقوق کی کھلی حق تلفی قرار دیا ہے۔ طلباءکا کہنا ہے کہ ماضی میں بھی گوادر کے کوٹے پر غیر مقامی طلباءکو نوازا گیا ہے، اور اس وقت بھی بڑی تعداد میں دیگر اضلاع کے طلباءگوادر کے مختص کوٹے پر اسکالرشپ لے رہے ہیں۔طلباءنے جامعہ بلوچستان کی انتظامیہ سے پرزور اپیل کی ہے کہ اسکالرشپ کے انتخاب کے عمل میں مکمل شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ گوادر کے طلباءکے جائز حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کا سلسلہ فوری بند کیا جائے اور آئندہ سی پیک کے نام پر سمسٹر اسکالرشپ میں ضلع گوادر کے مقامی اور اہل طلباءکو ہی اسکالرشپس فراہم کی جائیں تاکہ مقامی نوجوانوں میں پائی جانے والی محرومی کا ازالہ ہو سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں