خضدار کے سرکاری اداروں میں جونیئر اسٹاف کی بڑے عہدوں پر تعیناتی کا نوٹس لیا جائے، بی این پی عوامی
کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی)کے سینئر رہنما روف گل موسیانی زہری نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت خضدار میں مختلف سرکاری اداروں میں سینئر کی بجائے جونیئر اسٹاف کی تعیناتی کا نوٹس لے اور خضدارزہری میں قتل،ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں میں ملو ث ملزمان کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزادی جائے۔یہ بات انہوں نے بدھ کو اصغر کے بی موسیانی، محمد ابراہیم شاہوانی اوردیگر کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہاکہ خضدار اورزہری میں آئے روز قتل و غارت،ڈکیتی اورراہزنی کی وارداتیں روز کامعمول بن چکی ہیں اورانتظامیہ خاموش تماشائی کا کردارادا کر رہی ہے جس سے عوام میں عدم تحفظ کا احساس پایا جاتا ہے اسی طرح علاقے میں منشیات فروشی بھی عروج پر ہے جس سے نوجوان نسل تباہ ہورہی ہے قانون نافذ کرنے والے ادارے حکومت چوری ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ملزمان اور منشیات فروشوں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایاجائے۔ انہوں نے کہا کہ خضدار میں کچھ سرکاری اداروں یں جونیئر اسٹاف کو بطور آفیسر تعینات کیا گیا ہے جن میں محکمہ پبلک ہیلتھ،ایجوکیشن اور میونسپل کارپوریشن شامل ہیں میونسپل کارپوریشن ْخضدار میں ایک آفس اسسٹنٹ جو 16گریڈ کا ہے اسے 19گریڈ کی پوسٹ پربطور چیف آفسیر تعینات کیاگیا ہے جو 100ملازمین کو گھربیٹھے تنخواہیں ادا کرکے ان سے منتھلی وصول کر رہا ہے حکومت کانوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں موبائل نیٹ ورک بھی کافی عرصے سے بند ہے جس سے شہریوں کو سخت مشکلات درپیش ہیں موبائل کمپنیاں فوری طور پر علاقے میں نیٹ ورک کی بحالی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ سوہندہ ڈیم سفید ہاتھی بن چکا ہے ڈیم پر سائیٹ پلان کے مطابق کام نہیں ہورہا ہے سریے کی بجائے بڑے بڑے پتھروں سے بھرائی کی جارہی ہے اور کوئی انجینئر بھی وہاں موجود نہیں ہے جس سے عوامی خزانے سے اربوں روپے ضائع ہونے کاخدشہ ہے حکومت ڈیم پرغیر معیاری کام کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائے۔


