قلعہ عبداللہ، چمن، توبہ اچکزئی میں شدید برفباری سے سڑکیں بند، اشیا خورونوش کی ترسیل معطل
کوئٹہ (انتخاب نیوز) توبہ اچکزئی، قلعہ عبداللہ، چمن، بوستان و دیگر علاقوں میں برفباری کے سبب عوام کو اشیاءخور و نوش کی ترسیل بند ہوگئی، شدید سردی میں جہاںدرجہ حرارت نکتہ انجماد سے گر چکا ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان کور کمانڈر بلوچستان اور آئی جی ایف سی متعلقہ علاقوں میں اشیاءخورد و نوش پہنچانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار، قبائلی و سیاسی رہنما نصیر خان اچکزئی نے کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کمانڈر اصغر خان اچکزئی، ڈاکٹر ثناءاچکزئی بھی موجود تھے۔ نصیر خان اچکزئی نے کہا کہ بلوچستان کے بہت سے علاقے اس وقت شدید سردی و برفباری کی وجہ سے راستے بند ہیں، ان علاقوں میں چمن ، قلعہ عبداللہ ، توبہ اچکزئی ،توبہ کاکڑ بھی شامل ہیں، جہاں برفباری سے راستے بند ہونے کی وجہ سے لوگ مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں کوئٹہ چمن ، قلعہ عبداللہ و دیگر علاقوں میں قبائلی جرگہ منعقد کیا اور انہوں نے فیصلہ کیا کہ ہم متاثرہ غریب خاندانوں کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے بلکہ جہاں تک ممکن ہو سکا ان علاقوں میں اشیاءخورد و نوش پہنچائیں گے ۔


