تحریک انصاف اراکین کے استعفوں کی مجموعی تعداد 80ہوگئی، اطلاق 11 اپریل 2022ء سے ہوگا
اسلام آباد (انتخاب نیوز) قومی اسمبلی کے اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف کے 34 اراکین اسمبلی کے استعفے منظور کرنے کے چند روز بعد ہی پی ٹی آئی کے مزید 35 پی ٹی آئی کے استعفے منظور کرلیے، شیخ رشید احمد کے استعفے سمیت مستعفی ارکان کی مجموعی تعداد 80ہوگئی۔جمعہ کو اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی جانب سے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین کے آرٹیکل 64 کی کلاز ون، قومی اسمبلی رولز اینڈ ریگولیشن 2007 کے مطابق پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کے استعفے منظور کیے گئے۔پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کے استعفوں کا اطلاق 11 اپریل 2022 سے ہوگا، اراکین کے استعفے منظور کیے جانے کے بعد مزید کارروائی کے لیے الیکشن کمیشن پاکستان کو ارسال کردیے گئے۔اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے جن اراکین اسمبلی کے استعفے جمعہ کو منظور کیے گئے ان میں ڈاکٹر حیدر علی خان، سلیم رحمن، صاحبزادہ صبغت اللہ، محبوب شاہ، محمد بشیر خان، جنید اکبر، شیر اکبر خان، علی خان جدون، انجینئر عثمان خان تراکئی، مجاہد علی، ارباب عامر ایوب، شیر علی ارباب، شاہد احمد، گل داد خان، ساجد خان، محمد اقبال خان، عامر محمود کیانی، سید فیض الحسن، چوہدری شوکت علی بھاب،عمر اسلم خان، امجد علی خان، خرم شہزاد، فیض اللہ، ملک کرامت علی کھوکھر، سید فخر امام، ظہور حسین قریشی، ابراہیم خان، طاہر اقبال،اورنگزیب خان کھچی، مخدوم خسرو بختیار، عبدالمجید خان، عندلیب عباس، عاصمہ قدیر، ملیکہ علی بخاری اور منورہ بی بی بلوچ شامل ہیں۔یاد رہے کہ پی ٹی آئی نے گزشتہ سال اپریل میں پی ٹی آئی سربراہ عمران خان کے خلاف تحریک عد م اعتماد کے موقع پر اجتماعی استعفے دے دئیے تھے، بعد ازاں اسپیکر قومی اسمبلی نے صرف 11 کے استعفے منظور کیے تھے اور کہا تھا کہ باقی ارکان اسمبلی کو تصدیق کیلئے انفرادی طور پر طلب کیا جائے گاتاہم کراچی سے رکن قومی اسمبلی شکور شاد نے عدالت میں درخواست دائر کر کے اپنے استعفے کی درخواست واپس لے لی تھی۔واضح رہے کہ 17 جنوری کو بھی اسپیکر قومی اسمبلی نے تحریک انصاف کے 34 اراکین اسمبلی کے استعفے منظور کیے تھے، اس کے علاوہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کا استعفیٰ بھی منظور کرلیا تھا۔اسپیکر کی جانب سے اب تک پی ٹی آئی کے 79 اراکین کے استعفے منظور کیے گئے سپیکر کی جانب سے ایک استعفیٰ شیخ رشید کا بھی منظور کیا گیا جس کے بعد مجموعی طور 80 اراکین کے استعفے منظور کیے جا چکے ہیں۔اسپیکر کی جانب سے تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی کے استعفے ایک ایسے موقع پر منظور کیے گئے جب عمران خان نے زمان پارک میں صحافیوں سے ملاقات کے دوران قومی اسمبلی میں واپسی کا اشارہ دیا تھا۔


