کوئٹہ گیس حادثات کے باعث اموات، وزیراعلیٰ بلوچستان کا وفاقی حکومت سے گیس کمپنی کے غیر زمہ دارانہ رویہ کا نوٹس لینے کا مطالبہ

کوئٹہ(انتخاب نیوز)وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کوئٹہ شہر میں بڑھتے ہوئے گیس حادثات کے باعث اموات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے گیس کمپنی کے غیر زمہ دارانہ رویہ کا نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا ۔یہاں جاری کردہ ایک بیان میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ گیس پریشر میں کمی کی وجہ سے شہریوں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہیںگزشتہ چند دنوں میں گیس حادثات میں دس سے زائد افراد زندگی گنوا چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شدید سرد موسم میں شہریوں کو گیس میسر نہیںہے بلوچستان طویل عرصہ تک ملک کی گیس کی ضروریات پوری کرتا رہا ہے آج جب ہمیں گیس کی ضرورت ہے تو گیس دستیاب نہیں۔انہوں نے کہا کہ گیس کی فراہمی کے حوالے سے بلوچستان کے ساتھ امتیازی رویہ ناقابل برداشت ہے جب صوبائی حکومت نے ایس ایس جی سی کے دفتر سے رابطہ کیا تو کوئی بھی زمہ دار فرد موجود نہیں تھا۔وزیراعلیٰ نے وزیراعظم اور وفاقی وزیر توانائی سے فوری مداخلت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ گیس کمپنی کے رویہ کے باعث شہریوں میں اشتعال پایا جاتا ہے گیس کی عدم دستیابی کے باعث امن امان کی صورتحال خراب ہونے کا احتمال ہے جس کی ذمہ دار گیس کمپنی ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں