بھارت کے منفی رویئے کے باوجود پاکستان امن کی راہ پر چلتا رہے گا، حناربانی کھر
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ بھارت کے منفی رویئے کے باوجود پاکستان امن کی راہ پر چلتا رہے گا۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیر صدارت سینیٹ اجلاس کے دوران اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی تحفظ حاصل ہے جبکہ بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ بہت برا سلوک ہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم خطے میں خون نہیں بہانا چاہتے ہیں اور اس حوالے سے ہماری پالیسی بہت واضح ہے کہ ہم خطے میں امن اور استحکام چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم سرحدوں پر کشیدگی کے حق میں ہرگز نہیں، ہم نہیں چاہتے کہ سرحدوں پر کشیدگی سے دونوں سائیڈ پر لاشیں گریں۔وزیر مملکت برائے خارجہ نے کہا کہ ہمیں سیاست کی بجائے ریاستی پالیسی کو اپنانا ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا موقف بی بی سی کی ڈاکومنٹری کے ذریعے سب کے سامنے آرہا ہے اور مودی سے متعلق بی بی سی کی ڈاکومینٹری ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک بھارت بیک ڈور ڈپلومیسی نہیں ہو رہی ہے اور اگر بیک ڈور ڈپلومیسی نتیجہ خیز ہو تو ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ سابقہ دور بھارت سے بیک ڈور ڈپلومیسی ہو رہی تھی اور بیک ڈور ڈپلومیسی کا اس وقت کی حکومت کو علم تھا کہ نہیں اسکا مجھے نہیں پتا۔


