اسلام آباد ڈی جی حج کی اسامی پر تعیناتی دو ماہ بعد بھی نہ ہوسکی، وزیر مذہبی امور کی آڈیو لیک
اسلام آباد (انتخاب نیوز) اسلام آباد میں وزارت مذہبی امور میں ڈائریکٹر جنرل اور ڈائریکٹر حج کی خالی اسامیوں پر تعیناتی کا عمل تقریبا 2 ماہ گزر جانے کے بعد بھی مکمل نہ ہوسکا۔ 30 نومبرکوخالی ہونے والی اسامیوں کیلئے ستمبر میں ٹیسٹ اور انٹرویو شروع ہوئے، ڈی جی حج کی اسامی کیلئے گریڈ 20 کے بیس افسروں نے تحریری امتحان دیا۔ آڈٹ اکاﺅنٹ گروپ کی آفیسر صائمہ صبا 71 مارکس اور آفیسر مینجمنٹ گروپ کے امجد خان 61 نمبروں کے ساتھ کامیاب قرار پائے، یہیں سے وزیر مذہبی امور کی مبینہ پریشانی کا آغاز ہوا۔ اطلاعات کے مطابق وزیراعظم آفس کو امتحانات میں کامیاب امیدواروں کے بارے میں صنفی بنیاد پر بتایا گیا کہ ایک مرد اور ایک خاتون کو کامیاب ہوئے ہیں، دوبارہ امتحان لینے کی اجازت دی جائے لیکن اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے مطالبہ مسترد کردیا۔ مبینہ طور پر وزیر نے اس مسئلے کا حل بھی نکال لیا اور 26 اکتوبر کو ہونے والے انٹرویو میں وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق انٹرویو پینل کو اپنے ساتھ ملا کر دونوں ہی امیدواروں کو فیل کرنے کا منصوبہ تیار کرلیا اور 48 منٹ کے انٹرویو کے دوران خاتون افسر کو الجھائے رکھا۔ ریکارڈ نمبر حاصل کرنے والی امیدوار صائمہ صبا کو صفر نمبر دے کر فیل کردیا گیا۔ وفاقی وزیر برائے مذہبی امور عبدالشکور اور خاتون کی مبینہ آڈیو سامنے آگئی، وزیر مذہبی امور نے خاتون امیدوار سے کہا دوپٹے کی اہمیت ہے یا نہیں؟ وہ دوپٹہ نہیں کرتیں، اس سے عالمی ممالک میں کیا پیغام جائےگا۔


