پشاور دھماکا، آصف زرداری سمیت دیگر سیاسی رہنمائوں کی مذمت
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری، چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سمیت دیگر رہنمائوں نے پشاور دھماکے کی مذمت کی۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے پشاور پولیس لائنز دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں تخریب کاروں کا سرگرم ہونا خطرناک ہے۔ حکومت نیشنل ایکشن پلان پر عمل کرتے ہوئے دہشتگردی کی نرسریوں کو تباہ کرے۔انہوں نے کہا کہ ضمنی اور عام انتخابات سے قبل تخریب کاروں کی وارداتیں باعث تشویش ہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپربیان میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تخریب کاری سے نمٹنے کے لئے ہمیں انٹیلیجنس بہتر بنانے کی ضرورت ہے اور پولیس فورسز کو مناسب طریقے سے اسلحہ سے لیس کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ میری دعائیں اور تعزیت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اعظم خان نے پشاور دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے صوبے کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرنے کی ہدایت کر دی اور کہا کہ زخمیوں کے لئے ہسپتالوں میں ہنگامی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پشاور میں ہونے والے واقعہ پر دل غمزدہ ہے۔ اللہ جاں بحق افراد کو بلند درجات عطا فرمائے۔پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے بھی پشاور مسجد پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے افسوس ناک قرار دیا اور کہا کہ ملک میں بڑھتے ہوئے معاشی بحران کے ساتھ تخریب کاری میں بھی خطرناک اضافہ ہورہا ہے۔


