پیٹرول کی قیمت میں اضافہ، پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی اضافہ کردیا گیا
کراچی (انتخاب نیوز) پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے بعد پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔ کراچی سے ملک کے دیگر شہروں کے لیے جانے والے ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں اضافہ کردیا ہے، کراچی سے حیدر آباد کے لیے کرایہ 500 روپے سے بڑھا کر 600 روپے کردیا گیا ہے، لاڑکانہ جانے والے مسافروں سے 1300 روپے کے بجائے اب 1500 روپے تک کرایہ وصول کیا جارہا ہے۔ لاہور سے راولپنڈی، فیصل آباد اور ملتان کے کرائے میں 100 روپے اضافہ کردیا گیا ہے، لاہور سے گوجرانوالا 50 اور پشاور اور صادق آباد کے لیے کرائے میں 200 روپے کا اضافہ کردیا گیا ہے۔ بس مالکان نے لاہور سے کراچی کے لیے کرائے میں 600 روپے کا اضافہ کیا ہے۔ پشاور میں شہر کے اندر ٹرانسپورٹ مالکان نے کرایوں میں 20 سے40 روپے تک اضافہ کردیا ہے جب کہ بین الاضلاعی پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 50 سے لےکر 70 روپے تک کا اضافہ ہوا ہے اور بین الصوبائی ٹرانسپورٹ مالکان نے 200 سے 300 روپے تک اضافہ کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ مالکان من مانے کرائے وصول کررہے ہیں، ٹرانسپورٹرز کے پاس کرایہ نامہ بھی نہیں ہے، انہوں نے کرایوں میں خود سے اضافہ کیا ہے۔


