افغانستان کی جنگ ہماری دہلیز تک آگئی، تخریب کاروں کیخلاف آپریشن کرنا ہوگا، وزیر دفاع

اسلام آباد (انتخاب نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ تخریب کاروں کیخلاف آپریشن کا فیصلہ نیشنل سیکورٹی کمیٹی کرے گی۔ نیشنل سیکورٹی کمیٹی ہی ایسے فیصلے کرنے کا مجاز فورم ہے۔ قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ سانحہ پولیس لائنز، سانحہ اے پی ایس سے کم نہیں۔ قوم کو تمام تر اختلافات کے باوجود اتفاق رائے پیدا کرنیکی ضرورت ہے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ ہمیں اپنا گھر درست کرنا ہوگا۔ آپریشن ضرب عضب جیسا اتفاق رائے پیدا کرنا ہوگا۔ امید ہے وزیراعظم اسی طرح کا کوئی قدم اٹھائیں گے۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے گزشتہ دور حکومت میں تخریب کاری کا خاتمہ کرکے امن قائم کیا۔ ہمیں پہلے اپنا گھر درست کرنا ہوگا، اقتدار کے لیے ایک شخص باولا ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کی جنگ ہماری دہلیز تک آگئی، نائن الیون آیا، امریکا سے دھمکی ملی، ہم ڈھیر ہوگئے، بھارت اور اسرائیل میں بھی نمازیوں کے ساتھ یہ نہیں ہوتا، کون لواحقین کو بتائے گا کہ پیارے کیسے شہید ہوئے؟ کس نے جان لی؟ ہمیں اب اپنے گریبان میں جھانکنا پڑے گا۔ وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ہمیں سپر پاور کا آلہ کار بننے کا شوق پرانا ہے، کیا وہ طاقتیں آپ کے ساتھ کھڑی ہیں؟ تخریب کاری کیخلاف جنگ میں ہم اکیلے کھڑے ہیں۔ وزیر دفاع نے کہا کہ ہمیں مذمت میں بھی سیاسی مصلحت سے کام لیا جارہا ہے، پوری قوم کو تخریب کاری کیخلاف متحد ہونا چاہیے، یہ کسی ایک طبقے یا فرقے کی نہیں پوری قوم کی جنگ ہے، کہا 126 بلین ڈالر ہم نے تخریب کاری کی جنگ میں جھونکے،83 ہزار ہزار پاکستانیوں کی قربانیاں دیں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ ہم نے ملک گروی رکھ دیا ہے، اب تو زبان، اعمال کی تخریب کاری آگئی ہے، مشرقی پاکستان اور ہماری معیشت کا کوئی مقابلہ نہیں۔ وزیر دفاع نے کہا کہ ہم افغانستان کی بہتری چاہتے ہیں، وہاں امن ہوگا تو یہاں امن ہوگا، افغانستان سے ساڑھے 4 لاکھ لوگ دستاویزات کے ساتھ پاکستان آئے، کسی کو علم نہیں کون شہری ہے کون تخریب کاری ہے؟ پاکستان کے چھوٹے چھوٹے شہروں میں افغان مہاجرین ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں