پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کو اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا
راولپنڈی (انتخاب نیوز) تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کو اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق رہائی سے قبل اڈیالہ جیل میں فواد چوہدری کا طبی معائنہ کیا گیا، جیل اسپتال کے عملے نے فواد چوہدری کو صحت مند قرار دیا۔ فواد چوہدری نے رہائی کے وقت اپنا سامان اور کپڑے غریب قیدیوں کو دینے کی درخواست کی۔ فواد چوہدری کے اہلخانہ اور پی ٹی آئی کے کارکنوں کی بڑی تعداد فواد چوہدری کے استقبال کے لیے اڈیالہ جیل کے باہر موجود تھی۔ خیال رہے کہ آج اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج فیضان حیدرگیلانی نے فواد چوہدری کی ضمانت منظورکی تھی۔ ایڈیشنل سیشن جج فیضان گیلانی نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فواد چوہدری کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں 20 ہزار کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔ ایڈیشنل سیشن جج فیضان حیدر گیلانی نے فواد چوہدری کی مشروط ضمانت منظور کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ اس شرط پر ضمانت منظور کررہا ہوں کہ فواد چوہدری دوبارہ ایسا بیان نہیں دیں گے، پارلیمنٹیرینز کو ایسے بیانات نہیں دینے چاہئیں۔


