ن لیگ کو بلوچستان میں فعال کریں گے، قوم کو موجودہ حکومت کا ساتھ دینا چاہیے، جعفر مندوخیل
کوئٹہ (انتخاب نیوز) پاکستان مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے صدر شیخ جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کو بلوچستان میں فعال کرنے کیلئے تمام ساتھیوں کو اعتماد میں لیکر اہم فیصلے کیے جائیں گے ، پارٹی کو دوبارہ فعال کرنے کے لئے تمام سنیئر ساتھیوں کو اعتماد میں لیا جائے گا ، پاکستان مسلم لیگ(ن) آنے والے وقتوں میں ایک بہت بڑی قوت بن کر ابھرے گی جس کے لئے تمام مسلم لیگوں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت علماءاسلام کے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت ملک مشکل حالات میں ہے اور ان حالات کا مقابلہ کرنے کیلئے قوم کو موجودہ حکومت کا ساتھ دینا چاہئے ملک سے مہنگائی بے روزگاری اور غربت کے خاتمے کے لئے عوام کا ساتھ دینا چاہئے کیونکہ یہ مشکل وقت بھی گزر جائے گا آنیوالے دن خوشحالی کے آئیں گے اور پھر عوام کو ریلیف بھی فراہم کرینگے اور مہنگائی سے چھٹکارا بھی حاصل کرینگے اس وقت پاکستان کو سابقہ حکمرانوں نے آئی ایم ایف کے ساتھ سخت شرائط کے ساتھ معاہدے کیے تھے جس کی وجہ سے موجودہ حکومت نے ان تمام تر مشکلات کے باوجود ان کا مقابلہ کیا اور ہمیں امید ہے کہ آئندہ چند ماہ میں حالات بہتری کی طرف آئیں گے انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے جنہوں نے ہمیشہ ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے اپنا کردار ادا کیا ہے پاکستان مسلم لیگ(ن) کو صوبے میں دوبارہ فعال اور متحرک کرنے کیلئے مجھ سمیت تمام سنیئر عہدیداروں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے آئندچند دنوں میں پارٹی اجلاس بلا کر سب کو اعتماد لینگے اور پارٹی کی فعالیت اور آئندہ عام انتخابات کیلئے سب ساتھیوں کو ساتھ لیکر چلیں گے۔


