وفاق بلوچستان کے مالی بحران کو دیکھتے ہوئے ادائیگیاں یقینی بنائے، باپ پارٹی

کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی رہنماسینیٹر نصیب اللہ بازئی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت بلوچستان حکومت کے مالی بحران کو مد نظر رکھتے ہوئے این ایف سی اور دیگر مدات میں ملنے والے واجبات کی ادائیگی کو فوری طور پر یقینی بناکر مسائل کے حل کو ممکن بنائیں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے نصیب اللہ بازئی کا کہنا تھا کہ بلوچستان پہلے ہی ہر لحاظ سے پسماندہ اور مشکلات کا شکار ہے وفاق کو چاہئے کہ وہ پاکستان کے آدھے رقبے پر محیط بلوچستان کی تعمیر و ترقی اور لوگوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے زیادہ سے زیادہ وسائل دیں تاکہ لوگوں کا معیار زندگی بہتر ہونے کے ساتھ ساتھ انہیں روزگار کی فراہمی میسر آئے اور بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری سے چھٹکارا مل سکے۔ وفاقی حکومت بلوچستان کو این ایف سی اور پی ایس او سمیت دیگر ملنے والے فنڈز بروقت مہیا کریں تاکہ لوگوں کو سہولیات فراہم ہوسکے اور حکومتی امور بھی بغیر کسی رکاوٹ اور تعطل کے پایہ تکمیل تک پہنچ سکے۔ انہوں نے کہا کہ تمام منتخب نمائندوں اور حکومت کو چاہئے کہ وہ صوبے کی تعمیر و ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے لوگوں کو روزگار کی فراہمی اور مہنگائی سے چھٹکارا دلانے کے علاوہ لوگوں کو دیگر شعبوں میں سہولیات مہیا کریں اور صوبے کے طول و ارض میں منتشر آبادی کو تعلیم ، صحت، پینے کا صاف پانی اور ذرائع آمدو رفت کی فراہمی ممکن بنائی جائے لوگوں کو سفری سہولت میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے حالانکہ بلوچستان کو قدرت نے بےش بہا قدرتی نعمتوں اور معدنیات ، وسائل سے نواز رکھا ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ انہیں قابل استعمال بناکر عوام کی حالت زار کو بہتر بناکر عوام میں پائی جانے والی مایوسی دور کی جاسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں