جی ڈی اے اور انڈس انتظامیہ صحت کے معیارات پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، مجیب الرحمن قنبرانی
گوادر (آن لائن) ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات مجیب الرحمن قمبرانی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ میں کہا ہے کہ انڈس ہسپتال کو جی ڈی اے ہسپتال کا بھاگ دوڈ سنبھالتے ابھی تین ماہ ہی ہوئے ہیں اور اس مختصر مدت میں ہسپتال میں صحت کی تمام سہولیات مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔ اور ہسپتال جلد مکمل طور پر جدید سہولیات سے لیس ہو گا اور خطہ میں علاج معالجہ کا واحد مرکز ہوگا جہاں صحت کے تمام جدید، معیاری سہولیات مفت میسر ہونگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جی ڈی اے اور انڈس انتظامیہ صحت کے معیارات پر سمجھوتہ نہیں کریں گے اور انڈس مینجمنٹ اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک پاکستان میں سب سے معتبر قابل اور پیشہ ورانہ ادارہ ہے۔ گوادر جیسے دور افتادہ علاقے میں رضاکارانہ خدمات کے لیے انتظامیہ کو قائل کرنے میں ہمیں تقریبا ایک سال کا عرصہ لگا۔ ہم غیر ضروری تنقید کے بجائے انڈس ہسپتال کو سپورٹ کریں تاکہ یہ ادارہ کامیابی کے ساتھ لوگوں کی خدمت جاری رکھے۔ ہماری کوشش و خواہش ہے کہ بائی پاس سرجری، بلڈ بینک، نرسنگ کالج اور دیگر دیکھ بھال کی سہولیات بھی فوری طور پر شروع کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ مستقبل میں نرسنگ کالج، میڈیکل کالج اور میڈیکل یونیورسٹی تک ترقی کا سفر طے کریگا۔


