پی ڈی ایم اے میں ایپکا کی سیاست بند کی جائے، کوئٹہ میں ملازمین کی احتجاجی ریلی
کوئٹہ (انتخاب نیوز) پی ڈی ایم اے کے ملازمین نے محکمے میں مداخلت اور یونین بازی کیخلاف احتجاجی ریلی نکالی اورایئرپورٹ روڈ پر مظاہرہ کیا ،مظاہرین نے پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر نعرے درج تھے ، مظاہرین کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم اے میں ایپکا کی سیاست بند کی جائے کیونکہ پی ڈی ایم اے ایک ایمرجنسی ادارہ ہے اس میں کوئی تنظیم اور کسی گروپ بندی کی اجازت نہیں ہے ، اور ہمارے ملازمین بخوبی اپنا کام سرانجام دے رہے ہیں،ا ور ہمارے ملازمین کا حالیہ احتجاج سے کوئی تعلق نہیں کیونکہ پی ڈی ایم اے نے ہمیشہ ناگہانی اور قدرتی آفات کے دوران مشکل میں پھنسے ہوئے اپنے لوگوں کی ہمہ وقت مدد کی ہے، اور اس میں احتجاج یونین بازی یا مداخلت کی کوئی گنجائش نہیں کیونکہ ہمارا تمام عملہ کسی بھی مشکل صورتحال میں اپنے لوگوں کی فوری طور پر مدد کرتا ہے، اور ہم نہیں چاہتے ہمارے ادارے میں کوئی یونین بازی ہو جس سے ہماری ریسکیو کی سروس اور امدادی کارروائیاں متاثر ہوں ہمارا ادارہ دیگر حکومتی قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت سب کیساتھ ملکر مصیبت میں گھرے ہوئے لوگوں کی مدد کرتا ہے، اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نصیر احمد ناصر ، ڈائریکٹر فیصل نسیم پانیزئی، فیصل طارق ،اور عطاءاللہ مینگل نے بھی احتجاج کرنے والے ملازمین کے احتجاج میں جا کر یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم اے ایک ایمرجنسی ادراے کے طور پر کام کرتا ہے اور ایمرجنسی سروسز فراہم کرنے والے اداروں میں یونین بازی کی اجازت نہیں ہوتی ، حالیہ برفباری کے دوران پی ڈی ایم اے کے آفیسران اور ملازمین نے بھرپور کردار ادا کیا ہے اور کرتے رہیں گے جو بھی محکمے کے معاملات میں مداخلت کرے گا تو قانون کے مطابق کارروائی ہوگی، پی ڈی ایم اے کو چند ملازمین نے بدنام کرنے کی کوشش کی ہے، جس کوکامیاب نہیں ہونے دیا جائیگا، احتجاج کرنے والے ملازمین کے مطالبات جائز ہیں جنہیں حکام بالا کے سامنے رکھا جائیگا، کسی بھی تنظیم کا ایمرجنسی کے تحت کام کرنے والے اداروں میں مداخلت کرنا جرم ہے آئندہ کوئی بھی ملازم پی ڈی ایم اے کی ایمرجنسی صورتحال کو روکنے کی کوشش کریگا تو اسکے خلاف قانون حرکت میں آئے گااور مقدمہ درج کیا جائیگا، ملک کے دیگر حصوں میں قائم پی ڈی ایم اے کے دفاتر میں کبھی احتجاج نہیں ہوتا، اور نہ ہی کبھی دیکھا ہے، ہماری یونین سے یہی گزارش ہے کہ وہ محکمے میں مداخلت بند کرے اور ملازمین کو اپنی ایمرجنسی سروسز کے حوالے سے ذمہ داری اور ڈیوٹی کو ادا کرنے دے تاکہ مشکل حالات میں اپنے لوگوں کی مدد کر سکیں ۔اس موقع پر احتجاجی مظاہرین نے محکمے میں سیاسی مداخلت اور یونین بازی کیخلاف نعرہ بازی کی اور پر امن طور پر منتشر ہو گئے۔


