پاکستان میں پشتون اور بلوچ عوام کو شناختی اور پاسپورٹ کے حصول میں بھی مشکلات ہیں، پشتونخوا میپ
کوئٹہ: پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ بیان میں پاسپورٹ کے حصول میں دشواریوںاور رکاوٹیں حائل کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ملک بالخصوص پشتون بلوچ صوبے کے عوام کو شناختی کارڈ کے ساتھ ساتھ پاسپورٹ کے حصول میں بھی مسلسل مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ ہمارے عوام کو جان بوجھ کر شناختی کارڈ ، پاسپورٹ اور دیگر قومی اسناد سے محروم رکھا جارہا ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کرپشن ،کمیشن کیلئے اپنے مخصوص ایجنٹوں کے ذریعے مجبور ، غریب ، لاچار افراد کو مختلف حیلوں وبہانوں کے ذریعے تنگ کیا جاتا ہے، مسلسل کئی کئی دن اور گھنٹوں تک انتظار کے باوجود ان کی درخواستوں پر عملدرآمد نہیں کیا جاتا جس کے باعث ملک سے باہر جانیوالے عوام پاسپورٹ عملے کے اس ناروا عمل سے تنگ آچکے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ ، چمن ، قلعہ عبداللہ اور دیگر پشتون اضلاع میں بعض کرپٹ آفیسران واہلکار جون بوجھ تمام دستاویزات کے باوجود پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کو انکوائری کے ذریعے بلاک کردیتے ہیں ۔ فریش کیس کو بھی انکوائری کمیٹی کے بھیج دیا جاتا ہے اور پھر کئی کئی مہینے کیس کمیٹی کے پاس موجود رہتا ہے۔اور پھر اپنے مخصوص ایجنٹوں کے ذریعے بارگینگ کرکے لوگوں کو مجبور کیا جاتا ہے کہ وہ لاکھوں روپے کے بدلے اپنی پاسپورٹ وصول کرےں ۔ عوام کی دستاویزات کیلئے کمیٹی بنانے کی بجائے کرپٹ آفیسران واہلکاروں کیلئے تحقیقاتی کمیٹی بنائی جائے اور مخصوص ایجنٹوں کو قانون کے کٹہرے میں لایاجائے جنہوں نے دن رات کرپشن کے ذریعے آفیسران کے پاکٹ منی اور بنک بیلنس میں خاطر خواہ اضافہ کیا اور غریب ،مجبور ، لاچار افراد سے پیسے بٹورے۔ بیان میں مطالبہ کیا گیاہے کہ وہ اس سنگین صورتحال کا نوٹس لیکر عوام کو درپیش مشکلات سے نجات دلائیں اور ملوث کرپٹ آفیسران اور کمیشن ایجنٹوں کیخلاف فوری کارروائی کو یقینی بنائیں۔ جبکہ قومی دستاویزات شناختی کارڈ ، پاسپورٹ کی بروقت فراہمی کیلئے عوام کیلئے آسانی پیدا کی جائے اگرکرپٹ آفیسران کا یہی ناروا طرز عمل جاری رہا تو پشتونخواملی عوامی پارٹی متاثرہ عوام کے ساتھ پاسپورٹ اور نادرا دفاتر کے باہر احتجاج پر مجبور ہوگی ۔


