بلوچستان میں فورسز پر حملہ کرنیوالے ہمارے عزم کو کمزور نہیں کرسکتے، صوبائی وزرا
کوئٹہ (انتخاب نیوز) صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاءاللہ لانگو نے گزشتہ روز بلوچستان کے علاقے ڈیرہ بگٹی کے قریب پھیلاوغ میں لیویز اہلکاروں پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت اور لیویز اہلکاروں کے جاں بحق ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز کے سپوتوں نے دوران ڈیوٹی ریٹرننگ آفیسر کی جان بچائی، ہمیں اپنے سپوتوں کی ہمت اور بہادری پر فخر ہے۔ وزیر داخلہ میر ضیاءلانگو نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ زاہد سلیم ڈائریکٹر جنرل لیویز بلوچستان نصیب اللہ کاکڑ کو سانحہ پھیلاوغ کے زخمیوں کو فوری بہترین علاج ومعالجہ فراہم کرنیکی ہدایات بھی دی انہوں نے کہا کہ تخریب کاروں کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ہمارے بہادر سپوتوں نے صوبے میں امن کیلئے اپنی جانیں قربان کیں انہیں کوئی بھی فراموش نہیں کر سکتا وزیر داخلہ میر ضیاءکا مزید کہنا تھا کہ مٹھی بھر گروہ قوم کے پختہ عزم کو متزلزل نہیں کرسکتے دکھ کی اس گھڑی میں ہم غمزدہ خاندانوں کیساتھ ہیں۔ انہوں نے واقعے میں جاں بحق اور زخمی ہونیوالے لیویز اہلکاروں کیلئے نقد انعام اور تعریفی اسناد دینے کا بھی اعلان کیا۔ صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات سردار عبدالرحمن کھیتران نے کوہلو میں آئی ڈی دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔وزیر مواصلات نے 2اعلی افسران میجر جواد اور کیپٹن صغیر کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے فورسز پر حملہ کی مذمت کرتا ہوں اور یہ انتہائی افسوناک واقعہ ہے اس طرح کے واقعات سے ہمارے ادارے کو متزلزل نہیں کیا جاسکتا، غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔


