بڑھتی مہنگائی اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دکانیں سیل کرنے کیخلاف کوئٹہ میں تاجروں کی احتجاجی ریلی

کوئٹہ : انجمن تاجران بلوچستان (ر) کے زیر اہتمام صدر رحیم آغا کی قیادت میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور ایف بی آر کی جانب سے دکانوں کو سیل کرنے کے خلاف میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے سبزہ زار سے احتجاجی ریلی نکالی گئی اور باچا خان چوک پر مظاہرہ کیا گیا ریلی شرکانے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر نعرے درج تھے ریلی مختلف شاہراہوںسے ہوتی ہوئی باچا خان چوک پر دھرنے کی شکل اختیار کر گئی۔ مظاہرے میں ڈپٹی جنرل سیکرٹری ولی افغان ، طاہر جدون، حیدر آغا، خان کاکڑ، امر الدین آغا ، حاجی فیض اللہ، حاجی نصر الدین کاکڑسمیت دیگر بھی موجود تھے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے رحیم آغا اور دیگر مقررین نے کہا کہ اس وقت ملک بھر کی طرح بلوچستان میں بھی مصنوعی مہنگائی عوام اور قوم پر مسلط کی گئی ہے حکمرانوں کوچاہئے کہ وہ اپنی شاہ خرچیاں کم کریں تاجر برادری سمیت عوام کو ریلیف دیں بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کررکھا ہے اور آئے روز جس طرح ٹیکسز میں اضافہ کرکے تاجروں کا خون نچوڑا جارہا ہے اس کی ہم بھر پور مذمت کرتے ہیں اور اب ایف بی آر کی جانب سے دکانوں پر چھاپے مار کر دکانوں کو سیل کرکے انہیں بلا جواز طور پر سیل کیا جارہا ہے اس طرح کے اقدامات سے تاجر برادری میں شدید تشویش پائی جاتی ہے حکومت اور اداروں کو اپنا قبلہ درست کرنا چاہئے نہ کہ اپنی غلطیوں ، خامیوں اور کوتاہیوں کا ملبہ تاجروں پر ڈالنے کی بجائے اپنی پالیسی اور حکمت عملی کو بہتر بناناہوگا تاکہ تاجروں کو سہولیات میسر آسکیں کسی بھی معاشرے ملک اور خطے کی تعمیر و ترقی کا دارو مدار تاجر برادری اور بزنس کمیونٹی کے توسط سے ان کی معیشت کومضبوط بناتا ہے اور ترقی پذیر ممالک یا علاقے تاجر برادری کو حکومت کو بھاری ٹیکس دینے کی بدولت انہیں سہولیات دیتے ہیں لیکن ہمارے ملک میں ہر چیز الٹ چلتی ہے جس کی وجہ سے تاجروں سے سالانہ اربوں روپے ٹیکس وصولی کے باوجود انہیں کوئی سہولت نہیں دی جاتی بلکہ ہر ماہ ان پر مختلف مدات ٹیکس عائد کرکے ان پر کاروبار کے دروازے بند کئے جارہے ہیں جس کی ہم مذمت کرتے ہیں حکومت اور ایف بی آر ناروا اقدامات اور کارروائیوں کو روک کر تاجروں کی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے ان کے لئے آسانیاں پید ا کریں تاکہ وہ اپنا کاروبارجاری رکھ سکیں مظاہرین نعرہ بازی کرتے ہوئے پر امن طور پر منتشر ہوگئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں