پیپلز پارٹی نے شمولیت کی دعوت دی ہے، فیصلہ عوام کے مفاد میں کروں گا، عاصم کرد گیلو

کوئٹہ : بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی رہنماسابق صوبائی وزیر میر عاصم کرد گیلو نے کہا ہے کہ میں تا حال پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل نہیں ہوا انہوں نے دعوت دی ہے اور میں نے کہا ہے کہ میں اپنے سیاسی رفقااور بہی خواہوں، قبائلی عمائدین ، حلقہ کے عوام سے صلاح مشورہ کرکے جو وہ بہتر سمجھیں گے وہ فیصلہ کروں گا۔ عاصم کرد گیلو نے کہا ہے کہ ہم سیاسی لوگ ہیں تمام سیاسی فیصلے اپنے علاقے کے عوام ، قبائلی عمائدین ، بہی خواہوں، سیاسی رفقاسے صلاح مشورہ کرکے جو بلوچستان اور اپنے صوبے کے عوام کے لئے بہتر ہو اسی فیصلے پر عملدرآمد کرتے ہوئے مستقبل کا تعین کرتے ہیں۔ بحیثیت سیاستدان ہماری سیاسی جماعتوں کے رہنماں ، عوامی نمائندوں سے ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماﺅں نے بھی ملاقات کی ہے اور انہوں نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی ہے جس پر میں نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنے حلقے کے عوام اور دیگر ساتھیوں سے صلاح مشورے کے فیصلہ کروں گا کیونکہ سیاست کا محور اور مقصد عوام کی تعصب سے بالا تر ہوکر بلاتفریق خدمت بلوچستان کے حقوق کے حصول اور عوام میںپائے جانے والے احساس محرومی کو دور کرکے ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے اس کے لئے ہم کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ اور ہم ہمیشہ اپنے لوگوں کی خدمت کے لئے اپنے عوام کے درمیان رہتے ہیں اور ہمارا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے اس لئے ہم دکھ اور سکھ میں ایک دوسرے کے ساتھی ہیںاور ان کی مشاورت کے بغیر کوئی فیصلہ نہیں کرتے تمام فیصلے باہمی مشاورت سے کئے جاتے ہیں تاکہ اس کے دور رس نتائج برآمد ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں