پاکستان ڈیفالٹ کرجانے کے اعتراف کے بعد حکمرانوں کو کرسی پر بیٹھنے کا حق نہیں، سراج الحق
لاہور (انتخاب نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ وزیر دفاع خواجہ آصف کی جانب سے ملک کے ڈیفالٹ ہونے کے اعتراف کے بعد حکمرانوں کو کرسی پر بیٹھنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا پوری قوم پریشان اور مایوس ہے، چولہے ٹھنڈے اور کارخانے بند ہو گئے ہیں، دو ماہ میں مہنگائی 27 فیصد بڑھ گئی ہے، پارلیمنٹ والے غریب کے مسئلے نہیں جانتے۔ ان کا کہنا تھا لوگوں نے گھر کا سامان بیچنا شروع کر دیا ہے، آئی ایم ایف کے مطالبے پر لگائے گئے 170 ارب روپے کے ٹیکس صرف سیاستدانوں کی پراپرٹی بیچنے سے حاصل کیے جا سکتے ہیں، موجودہ حکومت اور پاکستان ایک ساتھ نہیں چل سکتے، پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کی مفادات کی لڑائی اور نورا کشتی ہے۔ امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا ہمارا راستہ ہمیشہ دیدہ اور نادیدہ قوتوں نے روکا ہے، 27 فروری کو اسلام آباد میں اپنا پروگرام دیں گے، خواجہ آصف کے ڈیفالٹ کے اعتراف کے بعد حکمرانوں کو کرسی پر بیٹھنے کا کوئی حق نہیں۔


