سازش کے پیچھے بیٹے کا ہاتھ ہے، الزامات کو مسترد کرتا ہوں، سردار عبدالرحمن کھیتران

کوئٹہ (انتخاب نیوز) عبدالرحمن کھیتران نے الزامات مسترد کردیے، سازش کے پیچھے میرے بیٹے انعام کھیتران کا ہاتھ ہے جو سرداری کیلئے میرے خلاف سازشیں کررہا ہے اور میری ساکھ کو متاثر کررہا ہے۔ میں نے پہلے بھی وضاحت کی ہے کہ میرا جانشین میرا بڑا بیٹا اورنگزیب کھیتران ہے اور وہی مستقبل میں کھیتران قبیلے کا سردار ہے۔ جس پر میرا چھوٹا بیٹا ناراض ہے اور سازشیں رچا رہا ہے۔ اس حوالے سے بلوچستان کے وزیرمواصلات عبدالرحمان کھیتران نے 3 افراد کے قتل اور نجی جیل کے الزام کو مسترد کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نجی جیل اور 3 افراد کے قتل کا الزام ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی سازش ہے۔ عبدالرحمان کھیتران نے کہا کہ میرے گھرپرگزشتہ دور حکومت میں تلاشی لی گئی، جیل ہوتی تو پتا چل جاتا، اب بھی اگرکسی کوشک ہے تو میرے گھر میں آکر دیکھ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں علاقائی سیاست کے حق سے محروم رکھنے کی مذموم کوشش کی جارہی ہے، بعض عناصر علاقے کا امن خراب کرنے کے لیے میرے خلاف سازش کررہے ہیں، بدنام کرنےکی سازش کے خلاف عدالت سے رجوع کروں گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں