گوادر کالج میں اساتذہ کی کمی کو پورا، نئی بسیں فراہم کی جائیں گی، حمل کلمتی

گوادر (آن لائن) رکن صوبائی اسمبلی میرحمل کلمتی نے پارٹی وفد کے ہمراہ جامعہ گوادر اور سیدہاشمی بوائز ڈگری کالج کا دورہ کیا۔ گوادر یونیورسٹی میں رکن صوبائی اسمبلی نے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرمنظوربلوچ اور رجسٹرار ڈاکٹردولت خان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پرو ائس چانسلر نے رکن صوبائی اسمبلی کو یونیورسٹی میں تعلیمی سرگرمیوں سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ انتہائی مختصر دورانیے میں جامعہ گوادر نے بہتر تعلیمی سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی نے کہا کہ جامعہ گوادر مستقبل قریب میں پاکستان کے ٹاپ تعلیمی اداروں میں شمار ہوگی۔ بطور نمائندہ ہمیشہ یونیورسٹی کی بہتری کیلیے کوشش کی ہے۔ گوادر یونیورسٹی کو سہولیات سے آراستہ کرنے کیلیے بھرپور تعاون کرونگا۔ ایم پی اے نے کہا کہ یونیورسٹی کو نئی بسوں کی فراہمی کی یقین دہانی بھی کی۔ درایں اثنا رکن صوبائی اسمبلی میرحمل کلمتی نے گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج گوادر کا دورہ کیا جہاں پرنسپل پروفیسر ظہیربلوچ اور پروفیسر حنیف حمل نے انکا استقبال کیا۔ انھوں نے کالج کے سائنس لیب اور مختلف کلاسز کا معائنہ اور طلبا سے ملاقات کی۔اس موقع پر طالبعلموں نے کالج میں بسوں ،لیکچرارز اور دیگر سہولیات کی کمی سے ان کو آگاہ کیا رکن صوبائی اسمبلی نے کالج کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور درس و تدریسی عمل کا بھی جائزہ لیا اور کلاس رومز جاکر طالبعلموں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان قوم کے معمار اور روشن مستقبل ہیں۔میں نے اپنے دور میں ضلع کے تعلیمی بجٹ کو ترجیح دی۔ جِیونی،اورماڑہ اور پیشکان اور پسنی میں نئی کالجز کی تعمیر سے علاقے کے نوجوانوں کو بہتر تعلیمی مواقع میسر ہونگے۔ گوادر کالج میں اساتذہ کی کمی کو پورا کیا جائے گا جبکہ بہت جلد کالج کو نئی بسیں بھی دی جائینگی۔ اس موقع پر ایم پی اے نے کالج کے اساتذہ سے بھی تفصیلی ملاقات کی اور مسائل دریافت کیے۔ دورے کے موقع پر بی این پی گوادر کےضلعی صدر کہدہ علی سمیت پارٹی کے دیگر اراکین بھی ان کے ہمراہ تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں