بلوچستان میں تھانوں سمیت تمام معاملات کمپیوٹرائزڈ سسٹم سے منسلک کردیے گئے ہیں، آئی جی پولیس
کوئٹہ:آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ نے کہا ہے کہ بلوچستان پولیس کے تمام اہلکاروں کو ایک منفرد لائن پر تربیت دے رہے ہیں جس کے تحت وہ علاقے کے رسم و رواج کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوے پولیسنگ کریں گے اور اسے ہم نے ایک نعرے سے منسوب کیا کہ بلوچستانیوں کو عزت دو پہلے سلام پھر کلام۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے یو این ڈی سی کی کنٹری ڈائر یکٹر کے ہمراہ ایئر پورٹ تھانے کو سمارٹ پولیس اسٹیشن کا درجہ دینے کے موقع پر کیا۔آئی جی پولیس نے کہا کہ عوام کو بہتر سے بہتر سہولیات دینے کیلئے سمارٹ پولیس اسٹیشن کا افتتا ح کیا ہے جہا ں عوام کے لیے آن لائن ویریفکیشن ،ڈرائیونگ لائسنس وغیرہ کی سہولیات موجود ہیں بلوچستان کے تمام تھانوں میں ایف آئی آر، ٹرانسفر پوسٹنگ ڈیجیٹل سسٹم سمیت تمام ملازمین کا ریکارڈ کمپیوٹرائز سسٹم سے منسلک کر دیا گیا ہے جس کے ذریعے تما م عمل و دخل جدید ٹیکنا لوجی سے منسلک ہو چکا ہے جو کہ محکمے کی کارکردگی میں معاون او ر مدد گار ثابت ہو گا۔ سیف سٹی پروجیکٹ سے امن و امان کی صورتحال میں مزید بہتری آئے گی اور جرائم کا خاتمہ ممکن ہو گا۔ اس موقع پراے آئی جی آئی ٹی ارسلہ سلیم،ا یس ایس پی ٹریفک و ایڈمن بہرام خان مندوخیل، سرکل ایس پیز سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان پولیس کم وسائل کے باوجودصوبے میں امن و امان کی بہتری اور جرائم پیشہ عناصر سمیت دہشتگردی کا قلع قمع کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کر رہی ہے ان اقدامات سے امن وامان کے قیام میں مزید بہتری آئیگی پولیس کو موجودہ دور کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے جدید خطوط پر آراستہ کیا جارہا ہے۔عوام کی جان و مال کی حفاظت جرائم کے خاتمے دہشت گردی کے ناسور سے نجات دلانے کیلئے پولیس افسران واہلکاراپنی صلاحتیوں کو بروئے کار لائیں۔


