وزیراعلیٰ بلوچستان کا زمینداروں کی جانب سے شاہراہوں کی بندش کا نوٹس، جمعہ کو اجلاس طلب
کوئٹہ (انتخاب نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان کا بجلی کی بندش پر زمینداروں کی جانب سے شاہراہوں کی بندش کا نوٹس۔ وزیراعلیٰ نے فوری طور پر مسئلے کا جائزہ لیکر حل کی ہدایت کردی۔ وزیراعلی کی ہدایت پر صوبائی حکام کا زمیندار ایکشن کمیٹی اورکیسکو حکام کے ساتھ اجلاس۔ اراکین صوبائی اسمبلی ملک نصیر شاہوانی اور اصغر خان ترین بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری عمران گچکی، سیکرٹری توانائی بشیر خان بازئی اور چیف کیسکو عبدالکریم جمالی بھی اجلاس میں شریک تھے۔ زمیندار ایکشن کمیٹی کے نمائندوں کی جانب سے بجلی کی عدم دستیابی کے باعث شعبہ زراعت اور زمینداروں کو پہنچنے والے نقصانات سے آگاہی دی گئی۔ چیف کیسکو نے زمینداروں کے ذمہ واجبات کی عدم ادائیگی سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔ پرنسپل سیکرٹری نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت ہے کہ زمینداروں کا بجلی کا مسئلہ فوری اور دیرپا بنیادوں پر حل کیا جائے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ زراعت ہمارا ذریعہ معاش اور معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حثیت رکھتا ہے۔ اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ مسئلہ کے حل کے لیے محکمہ توانائی کیسکو اور زمینداروں کے درمیان مربوط کوآرڈینیشن کی ضرورت ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کیسکو فوری طور پر 6 گھنٹے کے لیے زرعی شعبے کی بجلی بحال کریگا۔ زمیندار اپنی ہڑتال اور شاہراہوں کی بندش ختم کریں گے۔ اجلاس میں جمعہ کو دوبارہ بات چیت کا فیصلہ کیا گیا۔ محکمہ توانائی کیسکو اور زمیندار ایکشن کمیٹی اپنے واجبات کے حوالے سے مکمل تفصیل پیش کرینگے۔ کل کے اجلا س میں قابل عمل تجاویز کو حتمی شکل دی جائے گی۔


