حب شہر میں رمضان سے پہلے یوٹیلیٹی اسٹور کا قیام عمل میں لایا جائے، عوامی نیشنل پارٹی
حب :عوامی نیشنل پارٹی لسبیلہ کے ضلعی صدر لالہ منان افغان نے مطالبہ کیاہے کہ حب شہر میں رمضان المبارک سے پہلے یوٹیلیٹی اسٹور کا قیام عمل میں لایا جائے ۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت کی جانب سے ماہ رمضان المبارک کے لئے 19اشیائے ضروریہ پر سبسڈی یوٹیلٹی اسٹور پر فراہم کی جائے گی لیکن حب میں یوٹیلٹی اسٹور نہ ہونے کے باعث یہاں کے عوام رمضان پیکج سے فائدہ نہیں اٹھاسکیں گے انہوں نے کہاکہ عوام کے بنیادی مسائل پر کسی کو توجہ نہیں ہے پورے ملک کے لوگ یوٹیلٹی اسٹور سے فائدہ اٹھارہے ہیں لیکن صرف حب کے عوام اس سہولت سے محروم ہیں انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک شروع ہونے سے پہلے حب میں یوٹیلٹی اسٹور کا قیام عمل میں لایاجائے تاکہ رمضان المبارک میں یہاں کے غریب عوام کو بھی ریلیف مل سکے ۔ لالہ منان افغان نے کہاکہ اس بنیادی اور اہم مسئلے کے سلسلے میں حب کے شہری کافی عرصے سے مطالبہ کرتے آرہے ہیں لیکن کوئی اس طرف توجہ دینے کے لئے تیار نہیں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ حب بلوچستان کا سب سے بڑا تجارتی، کاروباری اور صنعتی علاقہ ہے لیکن بد قسمی سے یہاں کے عوامی بنیادی مسائل پر حکومت توجہ نہیں دے رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ عوامی نیشنل پارٹی لسبیلہ کی جانب سے حب میں یوٹیلٹی اسٹور کے قیام کے لئے کئی بار احتجاج کیاگیا اس حوالے سے کمشنر قلات ڈویژن نے یوٹیلٹی اسٹور کھولنے کی یقین دہانی بھی کرائی تھی، اسی طرح ڈپٹی کمشنر لسبیلہ نے بھی اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا لیکن عملی طورپر کوئی اقدام نہیں اٹھایاگیا۔ لالہ منان افغان نے مزید کہاکہ جب بھی غریبوں کے فائدے کے لئے اسکیمات کا اعلان ہوتاہے تو غریبوں کے بجائے کراچی، اسلام آباد اور دوسرے بڑے شہروں کے پوش علاقوں میں یوٹیلٹی اسٹور کھول کر امیروں کو فائدہ پہنچایاجاتاہے اور غریب نظرانداز کردیئے جاتے ہیں انہوں نے کہاکہ اگررمضان شریف کی آمد سے قبل حب میں یوٹیلٹی اسٹور کھولنے کے لئے اقدامات نہیں اٹھائے گئے تو اے این پی لسبیلہ سخت احتجاج پر مجبور ہوگی۔


