تاریخی سبی میلے کا آغاز میر چاکر اعظم کے دور سے ہوا جو ہمیں امن کی تلقین کرتا ہے، ضیا لانگو

سبی (این این آئی) سالانہ سبی میلہ کی اختتامی تقریبات اختتام پذیر ہوگئیں اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر داخلہ و قبائلی امور میر ضیاءلانگو تھے ، اختتامی تقریب میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بلوچستان میر دوستین جمالدینی ،رکن صوبائی اسمبلی سردار سر فراز خان ڈومکی کے فرزند سردارزادہ میر دینار خان ڈومکی، کمشنر سبی ڈویژن شاہد سلیم قریشی ،ڈی آئی جی پولیس سبی رینج منیر احمد شیخ ،ڈپٹی کمشنر سبی منصور قاضی،ایس ایس پی محمد یوسف بھنگر ،چیئرمین میونسپل کمیٹی سبی سردار محمد خان خجک ،چیف آفیسر میونسپل کمیٹی محب اللہ بلوچ ،ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سبی عبدالحمید ابڑو سمیت قبائلی و سیاسی شخصیات کے علاوہ خواتین اور بچوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی جبکہ میونسپل کمیٹی سبی کے چیئرمین سردار محمد خان خجک نے علاقائی مسائل کے بارئے میں بھی آگاہ کیا ،تقریب سے صوبائی وزیر داخلہ و قبائلی امور میر ضیاءلانگو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سبی کی تاریخی میلے میں آپ لوگوں سے مخاطب ہو کر انتہائی خوشی محسوس کررہا ہوں انہوں نے کہا کہ یہ تاریخی میلہ بلوچستان کے عوام کی ایک پہچان ہے اس کی اپنی تاریخ ہے جو ہمارے آباﺅ اجداد سے چلا آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سالانہ سبی میلہ مویشیاں و اسپاں یقینا ہمارئے آباﺅ اجداد کی نشانی ہے جس کا میر چاکراعظم کے دور میں آغاز ہوا یہ میلہ ہمیں امن کی تلقین کرتا ہے، امن اور بھائی چارے کے فروغ کے لئے یہ میلہ منایا جاتا ہے، تاکہ ہمیں خوشی کا احساس ہو اور ہزاروں سال پر محیط اپنی اس ثقافتی ورثہ کو زندہ رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں بسنے والے قوموں کی بہادری ،مہمان نوازی ،چادر و چار دیواری کی تقدس ،خواتین کو اعلیٰ مقام دینے جیسے روایات دنیا بھر میں مشہور ہیں انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت مقامی زبانوں اور ثقافت کی ترقی کے لئے اقداماتب اٹھا رہی ہے انہوں نے کہا کہ سبی میلہ کے انعقاد پر جہاں عوام کو تفریح فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ معشیت پر بھی اچھے اثرات مرتب کرتا ہے انہوں نے کہا کہ اس طرح کے میلے مناکر ہم اپنے اباو اجداد کے روایات کو زندہ رکھتے ہیںصوبائی وزیر داخلہ و قبائلی امور میر ضیاءلانگو نے سبی میلے کے موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو اور صوبائی حکومت کی جانب سے ان لوگوں کو پیغام دیتاہوں کہ جہنوں نے کسی بھی وجہ سے ناراض ہو کر پہاڑوں پر گئے ہیں میں ان کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ آئیں ہمارے ساتھ بیٹھ جائیں ہم ان کی ناراضگی کو دور کریں گے انہوں نے کہا کہ بلوچستان اکیسوی صدی میں گشت خون کی متمل نہیں ہو سکتا ہے بلوچستان کی ترقی ،خوشحالی،اور استحکام کے لئے ہمارا ساتھ دیں اور پر امن زندگی کا سفر کا آغاز کریں۔تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی صوبائی وزیر داخلہ و قبائلی امور میر ضیاءلانگو نے مالداروں اور مہمانوں میں انعامات اور شیلڈ تقسیم کئے ،علاوہ ازیں مہمان خاص صوبائی وزیر داخلہ و قبائلی امور میر ضیاءلانگو نے زرعی و صنعتی نمائش کا بھی دورہ کیا اور مختلف اسٹالوں کا معائنہ کیا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں