بے امنی اور عدم استحکام کے ذریعے بلوچستان کو پسماندہ رکھنے کی سازش کی جارہی ہے، قدوس بزنجو

کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ تخریب کار عناصر بزدلانہ کارروائیوں سے مذموم مقاصد کا حصول چاہتے ہیں، بدامنی اور عدم استحکام پیدا کر کے بلوچستان کو پسماندہ رکھنے کی سازش کی جارہی ہے۔یہ بات انہوں نے سبی کے قریب بلوچستان کانسٹبلر ی کی گاڑی کے قریب بم دھماکے کی مذمت کر تے ہوئے کہی۔ وزیر اعلیٰ میر عبد القدوس بزنجو نے تخریبی کارروائی میں اہلکاروں کی اموات اور زخمی ہونے پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کر تے ہوئے کہا کہ ایسی تمام سازشوں کو عوام کی حمایت سے ناکام بنایا جائے گا وزیراعلیٰ نے جاں بحق اہلکاروں کے خاندانوں سے تعزیت و ہمدردی کا اظہار کر تے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال اور ملک کے تحفظ کے لئے جانیں قربان کرنے والے قوم کے ہیرو ہیں۔ اہلکاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کے درجات بلند اور لواحقین کو صبر جمیل عطاءفرمائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں