ریکوڈک کی ملکیت کا دعویٰ کرنے والے پہلے تاریخ سے واقفیت حاصل کریں، محمد زئی قبائل

نوکنڈی : ریکوڈک و نوکنڈی کے قبائلی رہنماﺅں ملک لیاقت محمدزئی، حاجی موسیٰ محمدزئی، حاجی محمدعالم محمدزئی، ملک محمد خان محمدزئی، عیسیٰ خان محمدزئی، ملک سعید محمدزئی، سردار تاج محمد محمدزئی، نیازالدین محمدزئی، صالح محمد محمدزئی، گل شاہ محمدزئی، احمد رضا محمدزئی، حمید ثنا محمدزئی سمیت محمدزئی قبائل کے بزرگ و نوجوانان نے کثیر تعداد میں محمدزئی ہاﺅس میں پرہجوم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ریکوڈک کی سرزمین جدی پشتی اور صدیوں سے محمدزئی قبیلہ کی ملکیت ہے اور آج تک یہاں صرف محمدزئی قبائل سے تعلق رکھنے والے لوگ ہی صدیوں سے رہائش پذیر ہیں اور ہمارے قبیلہ نے قیام پاکستان سے سینکڑوں سال پہلے بھی اپنی سرزمین کی حفاظت کی تھی اور کررہے ہیں مگر افسوس کہ کل کوئٹہ میں کچھ دیگر قبائل سے تعلق رکھنے والے انتہائی قابل احترام لوگوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے ریکوڈک پر اپنی ملکیت کا دعویٰ کیا تھا جوکہ تاریخ سے لاعلمی اور قبائلی روایات سے نابلد ہونے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم محمدزئی قبیلہ کی جانب سے انہیں خبردار کرتے ہیں کہ ایسی غلط سوچ وعمل سے ضلع چاغی کے قبائل میں رنجشیں پیدا ہوسکتی ہے، ہم تمام قبائل کا احترام کرتے ہیں اور سب قبائل ہمارے بھائی ہیں مگر قبائل کے درمیان روایات قبائلی ورسم ورواج ہوتے ہیں، کسی بھی قبیلہ کویہ حق نہیں کہ وہ کسی اور قبیلہ کی جدی پشتی زمینوں پر اپنی ملکیت کا دعویٰ کرے۔ پریس کانفرنس کرنے والے ان معزز بھائیوں کو پہلے ضلع چاغی کے 42 قبائل سے ملاقات کرکے ریکوڈک کے علاقوں کی تاریخ معلوم کرنا چاہیے اور انہیں یہ بھی معلوم ہونا چاہیے کہ ان کے قبائل کا تعلق محمدزئی قبیلے سے بالکل بھی نہیں ہے، ریکوڈک کا علاقہ صدیوں سے محمدزئی قبائل کی ملکیت رہا ہے، یہاں کے قبرستان خود بھی گواہی دیں گے جہاں ہمارے بزرگوں کی قبریں موجود ہیں اور یہاں کے دیہات میں آج بھی محمدزئی قبائل بستے چلے آرہے ہیں، اس لئے ہم اپنے ان معزز بھائیوں کو خبردار کرتے ہیں کہ ریکوڈک کی زمین صرف محمدزئی قبیلے کی ملکیت ہے، باقی ریکوڈک پروجیکٹ میں 7 ملازمتوں اور ترقیاتی کاموں میں ہے، ریکوڈک کے علاقوں سے لیکر پورا ضلع چاغی پھر رخشان ڈویژن اور پھر بلوچستان کے لوگوں کا حق ہے، جس پر ہم کبھی بھی مخالفت نہیں کریں گے، اس لیے یہ دوست آئندہ ایسے بیانات دینے سے گریز کریں بصورت دیگر محمدزئی قبیلہ مزید اس بچگانہ عمل کو برداشت نہیں کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں