کوئٹہ میں پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کا اجلاس، گوادر انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے پیراز ملتوی

کوئٹہ :پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کا اجلاس بلوچستان صوبائی اسمبلی کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا اجلاس کی صدارت چیئرمین کمیٹی اخترحسین لانگو نے کی۔ اجلاس میں ایڈووکیٹ جنرل آفس کے آڈٹ پیراز اور سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی کے کمپلائنس رپورٹ زیر بحث رہے۔ اجلاس میں چیئرمین کمیٹی کے علاوہ ملک نصیر احمد شاہوانی، قادر علی نائل، نصراللہ خان زیرے، سیکرٹری اسمبلی طاہر شاہ کاکڑ، ڈائریکٹر جنرل آڈٹ شجاح علی، وائس چانسلر ایس بی کے ساجدہ نورین ایڈیشنل سیکریٹری پی اے سی سراج الدین لہڑی، چیف اکاﺅنٹ آفیسر سید ادریس آغا نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی اے سی نے کہا کہ پرنسپل اکاﺅنٹنگ افسران کی پی اے سی کے میٹنگز سے مسلسل غیر حاضری اور ویمن یونیورسٹی کے ورکنگ پیپرز کی عدم فراہمی سے ہمیں پیغام مل رہا ہے کہ متعلقہ محکمہ پی اے سی میں دلچسپی نہیں لے رہے۔ گزشتہ چار سال سے سختی سے پیش آنے سے گریز کررہے ہیں لیکن متعلقہ محکمے پیغام دے رہے ہیں کہ ان کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔ ایڈووکیٹ جنرل آفس کے پرنسپل اکاﺅنٹنگ آفیسر کی غیر حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں مجبور نہ کیا جائے کہ تحریک استحقاق یا اینٹی کرپشن اور نیب کو ہدایات جاری کرے کہ وہ حرکت میں آجائے۔ چیئرمین نے اجلاس کے اختتام پر وومن یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو تنبیہ کی کہ ایک ہفتے میں ورکنگ پیپرز اور آڈٹ پیراز پر رپورٹ پی اے سی کو مہیا کرے بصورت دیگر ان کیسز کو انوسیٹیگیٹو اداروں کے حوالے کیا جائے گا۔ اجلاس میں کمشنر بلوچستان ایمپلائز سوشل سیکورٹی انسٹیٹیوشن آفس اور گوادر انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے پیراز ملتوی کیے گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں