بلوچستان کے مفادات زیادہ عزیز ہیں، 10 ہزار بیروزگاروں کو نوکریاں دیں، ضیا لانگو

کوئٹہ (انتخاب نیوز) صوبائی وزیر داخلہ ضیا اللہ لانگو نے کہا ہے کہ بلوچستان کے مفادات جان سے زیادہ عزیز ہیں، میں بلوچستان کا فرزند ہونے کے ناطے ہمیشہ بلوچستان کے مفادات کا دفاع کرتا رہوں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک جاری بیان میں کیا۔ ضیا اللہ لانگو نے کہا کہ صوبائی حکومت نے بلوچستان میں روزگار کے مواقع پیدا کیے جن میں لیویز، پولیس، جیل خانہ جات، محکمہ پی ڈی ایم اے میں اب تک دس ہزار سے زائد بے روزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم کرچکے ہیں اور اس ضمن میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے سینکڑوں کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل بنیادوں پر روزگار بھی فراہم کیا۔ وزیر داخلہ ضیا اللہ لانگوکا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو کی قیادت میں ریکوڈک کا تاریخی فیصلہ بھی کیا گیا جو بلوچستان کے عوام کے لیے کسی تحفے سے کم نہیں، جس سے بلوچستان کی معیشت میں بہتری اور روزگار کے نئے مواقع بھی فراہم ہوسکیں گے۔ وزیر داخلہ ضیا اللہ لانگو نے کہا کہ معاشی زبوں حالی کے ساتھ ساتھ ایک بار پھر سر اٹھانے والی تخریب کاری کے چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے قومی یکجہتی بلاشبہ لازم ہے، جس کے لیے قوم اپنے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں