فواد چوہدری کا نوازشریف کے پاکستان میں ہونے والے ٹیسٹوں بارے تحقیقات کامطالبہ

اسلام آباد:وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھ کر نوازشریف کے پاکستان میں ہونے والے ٹیسٹوں بارے تحقیقات کامطالبہ کیا ہے ۔ ایک بیان میں فواد چوہدری نے کہاکہ نوازشریف کی برطانیہ میں سامنے آنے والی تصاویر میں انکی حالت اچھی نظر آرہی ہے ۔ خط میں کہاگیاکہ نوازشریف برطانیہ میں اپنی ٹیسٹ رپورٹس بھی حکومت کے ساتھ شئیر نہیں کررہے ۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ اس سے تاثر پیدا ہوتا ہے کہ برطانوی لیبارٹریز نے انکی بیماری کی تصدیق نہیں کی ،خدشہ ہے کہ پاکستان میں عدالتوں سے ریلیف لینے کے لئے جعلی ٹیسٹ رپورٹس تیار کی گئیں ۔فوا د چوہدری نے کہاکہ نوازشریف کی برطانیہ میں تصاویر صاف بتارہی ہیں کہ وہ صحت مند ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ لگتاہے کہ پاکستان میں ٹیسٹ رپورٹس میں حقائق مسخ کرکے انکے بیرون ملک جانے کی راہ ہموار کی گئی ۔ فواد چوہدری نے کہاکہ خدشات نے جنم لیاہے کہ نوازشریف کی پاکستان میں ٹیسٹ رپورٹس میں حقائق کو مسخ کیاگیا، نوازشریف کے پاکستان میں ہونے والی ٹیسٹ رپورٹس کے بارے میں تحقیقات کی ضرورت ہے ۔فواد چوہدری نے کہاکہ اس بات کا تعین ہونا چاہیے کہ پاکستان میں کسی نے ٹیسٹ رپورٹس میں حقائق کو مسخ کیا، حقائق کا منظر عام پرآنا ضروری ہے ،وزیراعظم تحقیقات کا حکم دیں ۔وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہاکہ نوازشریف کے ٹیسٹ رپورٹس کے لئے انکوائری کمیٹی بنائی جائے ۔ خط میں کہاگیاکہ تحقیقات میں یہ سامنے آئے کہ کس کس نے نوازشریف کو فرار میں مدد کی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں