رمضان المبارک کے دوران بیرون ممالک سے عمرہ کی ادائیگی کیلئے 8لاکھ عازمین کی رجسٹریشن

ریاض(مانیٹرنگ ڈیسک)سعودی عرب میں بیرونی ممالک سے رمضان المبارک کے دوران عمرہ کی ادائیگی کیلئے رجسٹریشن کرانے والے عازمین کی تعداد 8لاکھ ہو گئی ،معتمرین رمضان المبارک میں عمرہ کی دستیاب تاریخوں کو ایپلی کیشن کے ذریعے دیکھ سکتے ہیں۔ سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ کے اسسٹنٹ انڈر سیکرٹری برائے عمرہ امور عبدالرحمن شمس نے ایک بیان میں رمضان المبارک میں بیرون ممالک سے عمرہ کے لئے ” نسک ”پلیٹ فارم پر رجسٹرڈ ہونے والوں کی تعداد ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب تک 8 لاکھ عازمین کی رجسٹریشن ہوچکی ہے۔وزارت حج و عمرہ نے سال 1444ھ کے رمضان المبارک میں عمرہ کی رجسٹریشن کی سہولت نسک ایپلی کیشن کے ذریعے مملکت کے اندر سے مقامی شہریوں، مسلمان تارکین وطن اور مملکت سے باہر سے آنے والے زائرین کو فراہم کی ہے۔معتمرین رمضان المبارک میں عمرہ کی دستیاب تاریخوں کو ایپلی کیشن کے ذریعے دیکھ سکتے ہیں۔ عمرہ زائرین نسک ایپ کو ایپل سٹوریا گوگل پلے سٹورز سے ڈائون لوڈ کر سکتے ہیں۔ عمرہ زائرین اپنی سہولت کے مطابق موزوں تاریخ کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ سعودی عرب کے مقامی شہری اورتارکین وطن توکلناایپ کے ذریعے بھی عمرہ کی رجسٹریشن کرا سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں